اندرون سندھ چھاپہ، سانحہ صفورا کا اہم ملزم، اسامہ کا ساتھی عمر کاٹھیور گرفتار
کراچی (نیٹ نیوز) سندھ پولیس کے کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے زیرحراست ملزم سعد عزیز کی نشاندہی پر کارروائی کر کے سانحہ صفورا کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملزم کاٹھیور پہلے القاعدہ سندھ کا سربراہ تھا اور پھر داعش میں شامل ہوگیا۔ وہ القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن کا قریبی ساتھی بتایا گیا ہے اور اسے عربی اور فارسی پر عبور حاصل ہے اسی وجہ سے وہ کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے معاملات کو چلاتا تھا۔ عمر کاٹھیور نے 2011ء میں سندھ اور پنجاب میں دہشت گردی کا منظم نیٹ ورک قائم کیا اور متعدد وارداتیں کیں۔ عمر کاٹھیور دہشت گردی کے علاوہ دہشت گرد تنظیموں کو سہولیات بھی فراہم کرتا تھا۔ حساس اداروں نے عمر کاٹھیور کی بیوی کو پہلے ہی حراست میں لے لیا تھا جو سندھ میں داعش کا خواتین نیٹ ورک چلا رہی تھی۔