• news

پشاور: فورسز کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ، اہلکار زخمی، سرچ آپریشن ،50 مشتبہ گرفتار

پشاور+ بنوں (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) پشاور میں ٹول پلازہ کے قریب سکیورٹی فورسز کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ دھماکے سے سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق ٹول پلازہ کے قریب سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجہ میں گاڑی کو نقصان پہنچا اور اس میں سوار ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔ گاڑی میں 11 اہلکار سوار تھے جو محفوظ رہے۔ پولیس نے موقع پر تحقیقات شروع کردیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بم سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے میں 4 کلو وزنی بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ علاوہ ازیں چارسدہ روڈ فقیر آباد میں پولیس نے سرچ آپریشن کر کے 4 افغان باشندوں اور 8 اشتہاریوں سمیت 50 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 پستول اور 2 رائفلیں برآمد ہوئی ہیں۔ گرفتار افراد کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں بنوں کے دیہاتی علاقہ مندیو میں گھر کے قریب بارودی مواد کا دھماکہ ہوا جس سے گھر کو جزوی نقصان پہنچا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ادھر پارہوتی مردان میں پولیس کی گاڑی پر بم سے حملہ میں اہلکار زخمی ہوگیا۔ کرم ایجنسی سے نامہ نگار کے مطابق سنٹرل کرم ایجنسی پاڑہ چمکنی کے علاقے لدھا خولہ چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کے دوران پولیٹکل انتظامیہ نے تلاشی کے دوران گاڑی سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان سے مارٹر گولے، میزائل، راکٹ لانچرز، انٹی ائر کرافٹ گنز برآمد کرلی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن