سرگودھا: حساس اداروں کی بڑی کارروائی، خواتین سمیت داعش کے18 افراد گرفتار
سرگودھا (صارم علی خان) حساس اداروں نے سرگودھا میں ایک بڑی کارروائی میں داعش سے تعلقات رکھنے والے 18 افراد جن میں نوجوان پڑھی لکھی خواتین بھی شامل ہیں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان افراد کو اسلام آباد میں داعش کے گرفتار امیر عامر منصور کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا ہے سرگودھا سے گرفتار ہونے والے افراد کے بارے میں معلوم ہوا ہے یہ تربیتی کیمپ بھی چلا رہے تھے اور یہ عامر منصور کیلئے لوگوں کو بھرتی کر کے ان تک پہنچاتے تھے۔ حساس اداروں نے سرگودھا کے علاوہ گوجرانوالہ سے 12 ‘اوکاڑہ سے 8 اور ڈسکہ سے 6 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ہونے والے افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ پاکستان میں داعش کے خلاف یہ سب سے بڑی کارروائی بتائی جا رہی ہے۔ اس کارروائی سے نہ صرف اندرون ملک داعش کی کارروائیوں کو روکنے میں مدد ملے گی بلکہ پاکستان سے ہونے والی بیرون ملک داعش کی کارروائیوں کو بھی روکنے میں مدد ملے گی۔ گرفتاریوں کی خبر نجی ٹی وی پر چلی تو سرگودھا انتظامیہ میں بھگدڑ مچ گئی آر پی او سرگودھا اور ڈی پی او سرگودھا تک حساس اداروں کی اس کارروائی سے بے خبر تھے۔ آئی این پی کے مطابق لاہور سے گرفتار داعش کے کمانڈر عبداللہ منصوری کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا، سانحہ صفورا میں عبداللہ منصوری نے بس میں خواتین اور بچوں پر فائرنگ کی تھی۔ نجی ٹی وی کے مطابق داعش کے کمانڈر عبداللہ منصوری سانحہ صفورا کے بعد کراچی سے لاہور فرار ہو گیا تھا، عبداللہ منصوری داعش سندھ اور پنجاب کے نیٹ ورک کا اہم کردار ہے اور پورے نیٹ ورک سے مکمل آگاہ ہے، یہ گرفتار دہشتگرد سعد عزیز اور طاہر منہاس کا ساتھی ہے۔