سعودی عرب ایران کشیدگی، پاکستان کو بھی مشکلات کا سامنا ہوگا
اسلام آباد (محمد نواز رضا، وقائع نگار خصوصی) سعودی عرب میں شیعہ عالم شیخ کو سزائے موت دئیے جانے سے جہاں سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے وہاں اس صورت حال سے پاکستان کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑیگا۔ پاکستان میں سعودی عرب اور ایران کے حامیوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہونے کا امکان ہے۔سعودی عرب میں ایک ہی روز شیخ نمر سمیت 47 افراد کو سزائے موت دینا غیر معمولی نوعیت کا واقعہ ہے۔سعودی عرب اور ایران میں پائی جانے والی کشیدگی پاکستان کی صورتحال پر اثرات مرتب ہونا فطری عمل ہے۔ پاکستان میں شیعہ تنظیموں نے سزائے موت کیخلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے جبکہ سعودی عرب کے حامی عناصر بھی سعودی عرب کی حمایت میں سرگرم ہوگئے۔ شام کی صورتحال سعودی عرب اور ایران میں کشیدگی بڑھانے کا باعث بنی ہے۔یمن کی صورتحال نے بھی ایران کو سعودی عرب کے مقابل لاکھڑا کیا تھا۔سعودی عرب پاکستان کو یمن کے خلاف لشکر کشی میں اپنے ساتھ شامل کرنا چاہتا تھا لیکن پاکستان اپنی داخلی صورتحال کے پیش نظر اتحاد میں شامل ہونے سے گریز کیا لیکن دہشت گردی کیخلاف 34ملکی اتحاد میں پاکستان شامل ہوگیا۔پاکستان اپنا وزن کسی فریق کے حق میں ڈالنے کی بجائے سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی ختم کرنے میں کردار ادا کریگااسلئے پاکستان سعودی عرب کی طرف جھکاؤ کے باوجود دونوں ملکوں کو قریب تر لانے کی کوشش کریگا۔