47 افراد کو سزائے موت شرعی قصاص ہے، سعودی مفتی اعظم: حدود اللہ کا نفاذ ہوا: جامعہ الازہر
ریاض (اے پی پی) سعودی عرب کے مفتی اعظم اور علماء بورڈ کے چیئرمین الشیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ نے 47 افراد کو دی گئی موت کی سزاؤں کو اسلامی شرعی قصاص قرار دیتے ہوئے اسے کتاب وسنت کے مطابق برحق قرار دیا ہے۔ دوسری جانب مصر کی سب سے بڑی دینی درسگاہ جامعہ الازھر کے علماء نے بھی سعودی عرب میں دی گئی سزاؤں کی حمایت کرتے ہوئے انہیں حدود اللہ کا نفاذ قرار دیا۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ٹی وی بیان میں مفتی اعظم سعودی عرب الشیخ آل الشیخ نے کہا کہ دہشت گردوں کو دی گئی موت کی سزائیں عین شریعت کے مطابق اور قصاص فی الاسلام کے تحت آتی ہیں۔ قصاص اللہ کے بندوں کے لیے باعث رحمت ہے۔