کیپ ٹاون ٹیسٹ :بین سٹوکس کی تیز ترین ڈبل سنچری انگلیڈ کے 6 وکٹوں پر 629 رنز
کیپ ٹاؤن (سپورٹس ڈیسک )دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے 629 رنز کے جواب میں میزبان ٹیم نے ایک وکٹ پر79 رنز بنا لیے تھے۔آؤٹ ہونے والے جنوبی افریقی بلے باز وین زل تھے جو رن آؤٹ ہوئے۔اس سے قبل سٹوکس کی ڈبل سنچری اور جونی بیرسٹو کی سنچری کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم ایک بڑا سکور کرنے میں کامیاب رہی۔ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز چھ وکٹوں پر 629 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی۔سٹوکس انگلینڈ کی جانب سے تیز ترین اور ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی دوسری تیز ترین ڈبل سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔سٹوکس اور جونی بیرسٹو نے اننگز پانچ وکٹوں پر 317 رنز سے شروع کی اور مزید 305 رنز کا اضافہ کر ڈالا۔ دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 399 رنز کی شراکت ہوئی اور انھوں نے فی اوور سات رنز سے زیادہ کی اوسط سے سکور کیا۔اس دوران سٹوکس انگلینڈ کی جانب سے تیز ترین اور ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی دوسری تیز ترین ڈبل سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔انھوں نے 11 چھکوں اور 30 چوکوں کی مدد سے 198 گیندوں پر 258 رنز کی اننگز کھیلی۔یہ چھٹے نمبر پر بلے بازی کے لیے آنے والے کسی بھی ٹیسٹ کرکٹر کی جانب سے سب سے بڑا سکور بھی ہے۔سٹوکس کا ساتھ دینے والے جونی بیرسٹو نے 18 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 150 رنز بنائے۔ ان کے 150 رنز مکمل ہوتے ہی کپتان کک نے اننگز ختم کرنے کا اعلان کیا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے زخمی فاسٹ بولر ڈیل سٹین کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے نوجوان فاسٹ بولر کاغیزو ربادا نے تین جبکہ مورس اور مورکل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔