مقبوضہ بیت المقدس: گھر میں آتشزدگی 3 کمسن بھائی شہید صہیونی دہشت گردی ہے مرکز: اطلاعات فلستین
مقبوضہ بیت المقدس(آن لائن) مقبوضہ فلسطین کے جزیرہ نما النقب میں ایک مکان میں پراسرار آتشزدگی کے نتیجے میں گھر میں موجود تین کمسن بھائی زندہ جل گئے جبکہ بچوں کی ماں جھلس کر زخمی ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں ایک سے تین سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ رات جزیرہ نما النقب یراھط قصبے میں پیش آیا۔ آتشزدگی کے واقعے میں صہیونی انتہا پسندوں کی دہشت گردی کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا تاہم آخری اطلاعات تک حادثے کا سبب معلوم نہیں ہوسکا۔ اسرائیل کے عبرانی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں بتایا ہے کہ احمد ابو جعفر نامی ایک مقامی فلسطینی شہری کے گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ مقامی طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں بچوں کی موت دھوئیں میں دم گھٹنے سے ہوئی۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی ماں بھی جھلس کر زخمی ہوئی ہے جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اسرائیلی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ فلسطینی محکمہ زراعت کے حکام نے بتایا ہے کہ اسرائیل کے جنگی طیاروں کے ذریعے غزہ کی پٹی میں کی گئی بمباری سے ایک زرعی فارم تباہ ہوگیا جس میں کم سے کم 3 لاکھ ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ بمباری سے بھاری مقدار میں مشینری تباہ کردی گئی ہے اور ایگری کلچر فیکٹری کا 70 فیصد حصہ مسمار کر دیا گیا ہے۔