جہلم: ناکام بنک ڈکیتی کے بعد فرار ہونیوالے ڈاکو حادثے کا شکار، ایک ہلاک
جہلم (نامہ نگار) تھانہ ڈومیلی کے علاقے بڑا گواہ میں بنک ڈکیتی کی واردات سے فرار ہونے والے 2 ڈا کو حادثہ کا شکار ہو گئے جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا اور دو نامعلوم ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے مطابق تھانہ ڈومیلی کے علاقے بڑا گواہ میں نجی بنک میں گزشتہ رات تقریباً پونے 12 بجے 4 ڈاکو نجی بنک میں داخل ہوئے اور بنک کے لاکر اور سیکورٹی کیمروں کو توڑ رہے تھے کہ بنک کا ایمرجنسی الارم بجنا شروع ہو گیا جس پر بنک کے ہیڈ آفس نے تھانہ ڈومیلی کو اطلاع کی لیکن اس دوران ڈاکو فرار ہو گئے۔ صبح فجر کے وقت دوبارہ نواحی علاقہ رتہ موہڑہ ضلع چکوال جاتے راستے میں موٹر سائیکلوں کا پٹرول ختم ہونے پر ڈاکوئوں نے تھانہ ڈومیلی کے اہلکار امجد کو روکا اور اس سے نقدی، موبائل اور اس کی موٹر سائیکل سے پٹرول نکلوایا اور فرار ہو گئے۔ امجد نے پولیس اور اپنے رشتہ داروں جو اگلے گاؤں میں رہتے تھے کو اطلاع دی جس پر پولیس اور دیہاتیوں نے ڈاکوؤں کا پیچھا شروع کیا۔ اس دوران ڈاکو شاہد اور شہزاد کا موٹر سائیکل دیوار سے جا ٹکرایا جس کے نتیجے میں شاہد عزیز موقع پر ہلاک جبکہ شہزاد شدید زخمی ہو گیا جسے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا جہاںحالت تشویش ناک ہونے کے باعث اسے راولپنڈی ریفر کر دیا گیا جبکہ دیگر 2 ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ دوسری طرف بنک میں سکیورٹی کے ناقص انتظامات پر بنک منیجرکے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔