اقتصادی راہداری پر کام روکنے کا مطالبہ، منصوبے کو کالا باغ ڈیم نہیں بنا رہے: پرویز خٹک
اسلام آباد+ پشاور (آن لائن) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہاہے کہ اقتصادی راہداری منصوبہ کو کالا باغ ڈیم نہیں بنا رہے ہیں بلکہ وعدے کے مطا بق مغربی روٹ کی تعمیر چاہتے ہیں۔ وفاق فیڈریشن کو کمزور کر رہا ہے، تحریک انصاف پورے ملک کی جماعت ہے۔ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی ترقی پر خوش ہیں لیکن خیبر پی کے ساتھ زیادتی نہ کی جائے۔ مشرقی روٹ کا افتتاح اور کام شروع ہوگیا، اب پانی سر سے گزر گیا ہے۔ وہ وقت گزر گیا، اب راہداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ صوبے میں تمام سیاسی جماعتیں اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر متفق ہیں۔ اگر وفاقی حکومت کے پی کے کا جائز مطالبہ نہیں مانتی تو پھرصوبے کی تمام سیاسی جماعتیں اے پی سی میں متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ وزیر اعظم نے اعلان کیا تھا کہ اقتصادی راہداری کا سب سے پہلے مغربی روٹ تعمیر کیا جائیگا جس میں سڑک کی تعمیر کے ساتھ ساتھ توانائی، ریلوے لائن، گیس اور دیگر منصوبے بھی شامل ہونگے مگر وزیر اعظم نے اپنے وعدے کے برعکس مشرقی روٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کام کا آغاز بھی کردیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پرویز خٹک نے اقتصادی راہداری پر کام روکنے کا مطالبہ کردیا۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے نے کہا ہے کہ مغربی روٹ 500 کلومیٹر کم ہے جو پسماندہ علاقوں سے گزریگا۔