سپریم کورٹ سے مسلم لیگ ن کے چودھری حنیف کی پنجاب اسمبلی کی رکنیت بحال
اسلام آباد +کسووال (نمائندہ نوائے وقت + آن لائن +نامہ نگار) سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں پنجاب اسمبلی چوہدری حنیف کی رکنیت بحال کردی۔ الیکشن ٹربیونل نے 20 دسمبر 2014ءکو نااہل قرار دیا تھا ۔پیر کے روز سپریم کورٹ کے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے جعلی ڈگری مقدمہ میں پی پی 226 ساہیوال سے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری حنیف کے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار آزاد امیدوار ثاقب گجر کے وکیل نے موقف اختیار کیا چوہدری حنیف گجر کی ایل ایل بی کی ڈگری جعلی ہے جس کے جواب میں چوہدری حنیف کے وکیل نے کہا میرے موکل کی ڈگری اصل اور ایچ آئی سی تصدیق شدہ ہے۔ ڈگری کے جعلی ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا لہذا میرے موکل کی اسمبلی رکنیت بحال کی جائے ۔ عدالت نے دونوں وکلاء کے دلائل سننے کے بعد الیکشن ٹربیونل کے بیس دسمبر 2014ءکے فیصلے کو کالعدم قرار دیدیا اور چوہدری حنیف کی اسمبلی رکنیت بحال کردی ۔چوہدری حنیف کے مدمقابل آزاد امیدوار ثاقب گجر نے چوہدری حنیف کی ڈگری کو چیلنج کیا تھا۔دریں اثناءچودھر ی حنیف کی بحالی کی خبر سنتے ہی انکے حلقہ انتخاب کے کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور علاقے میں منوں مٹھائی تقسیم کی گئی۔
رکنیت/بحال