• news

مزارشریف : بھارتی قونصل خانے کے قریب آپریشن دوسرے روز مکمل‘ تین حملہ آور ہلاک

کابل (نیٹ نیوز+ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) افغانستان کے شہر مزار شریف میں بھارتی قونصل خانے کے قریب دوسرے روز آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے جس کے دوران 3حملہ آور ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے۔ اس آپریشن کے دوران واقعہ میں قونصل خانے کا عملہ محفوظ رہا ہے۔ واضح رہے گزشتہ رات چند حملہ آوروں نے بھارتی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جس کے بعد حملہ آوروں اور سکیورٹی فورسز میں لڑائی جاری رہی جس کے بعد دوسرے روز یہ آپریشن مکمل ہونے کا اعلان کیا گیا۔ افغان حکام کے مطابق حملہ آوروں نے قونصل خانے میں گھسنے کی ناکام کوشش کی اور قریبی عمارت میں گھس گئے۔ اس دوران فائرنگ، دھماکوں کی آوازیں آئیں۔ دوسری جانب کرزئی ائرپورٹ کابل کے مشرقی دروازے پر پولیس چیک پوسٹ کے قریب کار بم دھماکہ ہوا جس میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ دیگر اطلاعات کے مطابق یہ دھماکہ خودکش تھا۔ دوسری طرف افغان صدر اشرف غنی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ٹیلی فون کیا، ذرائع کے مطابق افغان صدر نے انہیں مزار شریف میں بھارتی قونصل خانے پر حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا، اشرف غنی نے اپنے بھارتی ہم منصب کو بھی فون کیا ہے۔نیوز ویب سائٹ سپیگل آن لائن کے مطابق ایک اور واقعہ میں جرمن بریگیڈئر جنرل مائیکل پوڈزور کے فوجی قافلے کو کابل ائرپورٹ کے قریب خودکش کار بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا تاہم جرنیل محفوظ رہے۔

مزار شریف

ای پیپر-دی نیشن