کوئٹہ : پولیس ناکے پر فائرنگ‘ دو اہلکار شہید‘ پشاور فورسز کے ٹرک پر حملے کا مقدمہ درج 100 مشتبہ افراد گرفتار
کوئٹہ (بیورو رپورٹ)کوئٹہ میں مسلح افراد نے پولیس ناکے پر فائرنگ کر دی جس سے 2 پولیس اہلکار شہید ہو گئے جبکہ پشاور میں سکیورٹی فورسز کے ٹرک پر بم سے حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ جبکہ مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 100 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق پیر کو کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر بی بی زیارت کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ناکے پر فائرنگ کر دی جس سے وہاں موجود 2 پولیس اہلکار سیف اللہ او عبدالعزیز موقع پر ہی دم توڑ گئے، حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے نعشیں قبضے میں لیکر سول ہسپتال کوئٹہ پہنچا کر ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردیں اور مقدمہ درج کرکے ملزموں کی تلاش شروع کردی۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ خان زہری نے سریاب کے علاقے میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں امن کے لئے صوبائی حکومت کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔ انہوں نے کہا کہ امن کے دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ادھر لورالائی میں کوئٹہ روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک مجاور شیر علی دم توڑ گیا جبکہ کیج میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سے ایک طالبعلم دم تو ڑگیا۔ ادھر موٹروے ٹول پلازہ پشاور کے قریب سکیورٹی فورسز کے ٹرک پر بم دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی پشاور میں درج کرلیاگیا ہے، مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کیاگیا جبکہ چمکنی، فقیرآباداور داﺅدزئی کے علاقوں سے 100 کے قریب مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ موٹروے ٹول پلازہ پشاور کے قریب سکیورٹی فورسز کے ٹرک کو بم سے نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں ون ونگ کا ایک کمانڈو زخمی ہوا تھا۔ نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف درج مقدمے میں دہشت گردی کی مختلف دفعات لگائی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں دھماکے کے بعد چمکنی، فقیرآباد اور داﺅدزئی کے علاقوں سے 100 کے قریب مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ادھر سپیشل پولیس یونٹ بنوں نے مختلف کارروائیوں میں 7 دہشتگرد گرفتارکرکے ان کے قبضہ سے بارودی مواد بھی برآمد کر لیا۔ سپیشل پولیس یونٹ بنوں سے جاری بیان کے مطابق پہلی کارروائی تھانہ میریان کے علاقہ میں کی گئی جہاں صداقت اللہ نامی دہشتگرد سے 3 کلوگرام بارودی مواد برآمد ہوا۔ دہشتگرد کالعدم تنظیم کا رکن ہے جس کا تعلق پشاور کے علاقہ بڈھ بیر سے ہے۔ دوسری کارروائیاں بنوں کے علاقہ پیروخیل میں کی گئی جہاں ایک زیر تعمیر گھر سے 6 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا جن کے نام عابد، شمس الرحمن، انورکمال، صفدر اقبال، منصور اور قدرت اللہ شامل ہیں۔ ان کا تعلق بنوں اور فاٹا سے بتایاگیا ہے۔ دہشتگردوں کے قبضہ سے 2کلوبارود، ڈیٹونیٹرز، دو پستول اور ایک کلاشنکوف برآمد ہوئی۔
2 اہلکار شہید