ایکسپورٹ مینجمنٹ سرٹیفکیٹ کورس لاہور چیمبر میں شروع
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا چھ روزہ تربیتی پروگرام سرٹیفیکیٹ اِن ایکسپورٹ مینجمنٹ شروع ہوگیا جس کا مقصد نوجوان تاجروں کو برآمدات بڑھانے کی بہترین صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ہے، تربیتی پروگرام میں حصہ لینے والوں کی تعداد ایک سو سے زائد ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد نے کہا کہ یہ پروگرام اس طرح ڈیزائن کیا گیا کہ تاجروں کو ایکسپورٹ بزنس بڑھانے میں مدد ملے جس سے نہ صرف وہ خود معاشی طور پر مستحکم ہونگے بلکہ ملک کی برآمدات بھی بڑھیں گی جو طویل عرصہ سے انجماد کا شکار ہیں۔ ٹریننگ دینے کے لیے پیشہ ورانہ مہارت کے حامل ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس سے قبل بھی اسی طرز کا ایک ٹریننگ پروگرام انتہائی کامیابی سے منعقد کرچکا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا یہ قدم بھی بہت کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا فارن لینگویج کورس پہلے ہی منعقد ہورہاہے جس سے تاجروں کو غیرملکی تاجروں کے ساتھ روابط میں انتہائی آسانی ہوگی جبکہ ویب گرافک اور دیگر تربیتی پروگرامز بھی کیے جائیں گے۔