• news

پروازوں میں تاخیر کے باعث چیئرمین شاہین ائر لائنز کی طلبی

لاہور ( خبر نگار) شاہین ائیر کی پروازوں میں مسلسل تاخیر اور منسوخی پر مسافروں کی جانب سے شکایات موصول ہونے پر ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شاہین ائیر لائنز کے چئیرمین کو طلب کر لیا ۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شاہین ائیر لائنزکے فلائیٹ آپریشن میں تاخیر اور پروازوں کی منسوخی پر ائیر لائنز کو بھاری جرمانہ عائد کرنے کی وارننگ بھی جاری کی ۔ شاہین ائیر لائنزکے چئیرمین نے ڈی جی سی اے اے کو یقین دہانی کروائی کہ وہ مسافروں کی شکایات کو حتی الامکان دور کرنے کی کوشش کریں گے اور آئندہ پروازوں کی وقت پر روانگی یقینی بنائی جائے گی ۔ واضح رہے کہ لاہور ائیرپورٹ پر شاہین ائیرلائنز کے پائلٹ کے شراب پی کر جہاز اڑانے اور پھر اس جہازکے حادثے کا شکار ہونے کے بعد ائیرلائنز کے فلیٹ کے 22 میں سے 5 طیارے گرائونڈ کر دئے گئے۔ جس کی وجہ سے ائیر لائنز کا آپریشن گزشتہ ایک ماہ سے شدید مشکلات کا شکار ہے اور طیاروں کی عدم موجودگی کی وجہ سے پروازوں کی اچانک منسوخی اور تاخیر کی وجہ سے ملک کے مختلف ائیرپورٹس پر مسافر شدید احتجاج اور سی اے اے حکام کو شکایات کر رہے ہیں ۔ 

ای پیپر-دی نیشن