ارشد جٹ کا راولپنڈی میں پولٹری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ
لاہور (سپورٹس رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے مشیرخاص برائے لائیو سٹاک محمد ارشد جٹ نے گذشتہ روز پولٹری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ راولپنڈی کا دورہ کیا۔ جس میں انہوں نے ادارہ کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ادارہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبد الرحمن نے دیہی مرغبانی کے فروغ میں ادارہ کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ارشد جٹ نے پنجاب کے دیہی علاقوں میںمعیاری پرندوں کی تقسیم کے حوالے سے شروع کیے گئے پراجیکٹ میں خصوصی دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے اسے حکومت پنجاب کی جانب سے عوامی بہبود، دیہی مرغبانی کے فروغ ، غربت کے خاتمے اور خودکفالت کے حصول کی جانب ایک اہم اقدام سے تعبیر کیا۔ جس میں پنجاب کے دور دراز دیہی علاقوں میں اعلیٰ نسل کی کراس مرغیاں رعایتی نرخوں پر مہیا کی جاتی ہیں۔اس منصوبہ میں حکومت پنجاب اب تک کروڑوں روپے کی رعایت دے چکی ہے اور اس سے ہزاروں خاندان استفادہ کر کے اپنی روزمرہ کی ضروریات پوری کر رہے ہیں۔