• news

وہ وقت جلد آئے گا جب کوئی امداد لینے والا نہیں ہو گا: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ’’وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم‘‘ بیروزگاری اورغربت میں کمی لانے کا انقلابی پروگرام ہے جس کے تحت گزشتہ چند برس کے دوران17 ارب روپے کے بلاسود قرضے ساڑھے 8 لاکھ خاندانوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں اور یہ خاندان محنت کر کے اپنے پاؤں پر کھڑے ہوچکے ہیں جبکہ پنجاب بھر میں 25 ہزار افراد کوایک ارب روپے کے بلاسود قرضے دیئے گئے ہیں اور آئندہ تین برسوں میں 20 لاکھ خاندانوں میں 40 ارب روپے کے بلاسود کے قرضے تقسیم کر کے انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے۔ ایک طرف ایسے عظیم پاکستانی اور قوم کے معمار ہیں جو وطن عزیز کو ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کیلئے سخت محنت اور جدوجہد کررہے ہیں جبکہ دوسری طرف ایسے لوگ ہیں جو غریب قوم کے اربوں روپے قرضوں کی صورت میں ہڑپ کرکے اشرافیہ کھلاتے ہیں۔ فلاح عامہ کے پروگراموں کی مخالفت کرنے والے اپنا کام کرتے رہیں ہم عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیںگے۔ ’’وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم‘‘ایک تحریک کی شکل اورانقلاب کا روپ دھار چکی ہے۔ غریب اور امیر کے درمیان خلیج کم کرنے کا یہ شاندار پروگرام ہے۔ ملک کوعظیم وطن بنانے کی جدوجہد کرنیوالے ان غریب خاندانوں کے اس فلاحی پروگرام میں مزید اربوں روپے کا اضافہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاریخی بادشاہی مسجد میں’’وزیراعلیٰ خودروزگار سکیم‘‘ کے تحت بلاسود قرضوں کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے تقریب کے اختتام پر مردوں اور خواتین میں بلاسودقرضوں کے چیک تقسیم کیے۔ وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تاریخی بادشاہی مسجد میں ایسے محب وطن اور عظیم پاکستانی موجود ہیں جووطن عزیز کی ترقی کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں۔ ’’وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم‘‘ ایسے ہی افراد کیلئے شروع کی گئی ہے تاکہ وہ بلاسود قرضوں کے حصول سے اپنا کاروبار شروع کر سکیں اور اپنے خاندانوں کی کفالت کی ذمہ داری نبھائیں اور معاشرے کا بوجھ بانٹیں۔ قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں لاکھوں قربانیوں کے بعد ایک آزاد مملکت تو نصیب ہوگئی لیکن جس مقصد کیلئے آزاد مملکت کے حصول کیلئے جدوجہد کی گئی تھی وہ 68 برس بعد بھی حاصل نہیں ہوسکا۔ ہمیں اس سوال کا جواب تلاش کرنا ہے کہ آج تک قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل میں ناکام کیوں ہیں؟ ہم اگر آج بھی پاکستان کو قائدؒ اوراقبالؒ کے افکار کے مطابق صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کا عہد کر لیں اور محنت، امانت اوردیانت کو شعار بنا لیںتواس عظیم ریاست کے قیام کے اصل مقاصد کو حاصل کر سکتے ہیں۔کام مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ جس طرح نماز کے دوران امیر اور غریب ایک ہی صف میں کھڑے ہوکر اللہ تعالیٰ کی عبادت کرتے ہیں، اسی طرح قومی یکجہتی کے ذریعے خوشحالی اورترقی کی منزل بھی پا سکتے ہیں اور آگے بڑھنے کا یہی واحد راستہ ہے۔ ایک طرف کرپشن اور قرضے ہڑپ کرنے والے ہیں ، غریب قوم کی محنت کی کمائی قرضوں کی شکل میں لوٹنے والوں کے پاس آج بھی بنگلے، گاڑیاں اورکارخانے موجود ہیں لیکن انہوں نے اربوں، کھربوں روپے کے قرضے معاف کرا کے وطن عزیز کی کشتی کو ڈبویا ہے، قومی معیشت کو تباہ و برباد کیا ہے اور ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا ہے لیکن دوسری طرف بلاسود چھوٹے قرضے حاصل کرنے والے عظیم پاکستانی ہیں جوملک کو مضبوط بنانے کی تڑپ رکھتے ہیں۔ اسی لئے انہیں دیئے گئے قرضوں کی واپسی کی شرح 99.99 فیصد ہے اور پوری قوم ایسے محب وطن پاکستانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ پنجاب حکومت نے چند برس قبل بلاسود چھوٹے قرضوں کی سکیم شروع کی جس کا مقصد بے روزگار افراد کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے سرمایہ فراہم کرنا تھا اور’’وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم‘‘ کے نام سے ایک ارب روپے کا ریوالونگ فنڈ قائم کیا جو اب بڑھ کر پانچ ارب روپے ہو چکا ہے اوراس ریوالونگ فنڈ سے ساڑھے 17ارب روپے سے زائد کے بلاسود قرضے تقسیم کیے جاچکے ہیں،جو ساڑھے 8 لاکھ گھرانوں کو دیئے گئے ہیں۔ غریب عوام اورمحروم معیشت طبقات کے معیار زندگی میں بہتری لانے کیلئے ایسے فلاحی پروگرام جاری رہیں گے۔ ملک سے غربت کا خاتمہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور ہماری حکومت کا خواب ہے۔ وزیراعظم کی قیادت میں ملک سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔ انشاء اللہ ایسا وقت ضرور آئے گا جب امداد دینے والے تو موجود ہوں گے لیکن لینے والا کوئی نہ ہوگا۔اگر ترقی یافتہ ممالک محنت سے ایسا کر سکتے ہیں تو ہم بھی کسی سے کم نہیں۔ انشاء اللہ وطن عزیز کو بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنا کر دم لیں گے۔ اخوت تنظیم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد ثاقب نے ’’وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم‘‘کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوںنے کہا کہ بلاسود قرضے مذہبی، فرقہ وارانہ یا سیاسی بنیادوں سے ہٹ کر بلاامتیاز رنگ و نسل دیئے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گزشتہ روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندے سے عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ مزید براں شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ احمد حسان کی رہائش گاہ پر جا کر ان سے ان کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر خواجہ احمد حسان کے بھائی خواجہ احمد عثمان، خواجہ احمد ارسلان اور ان کے بچوں سمیت دیگر افراد خاندان موجود تھے۔ شہباز شریف نے مرحومہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن