• news

سلیکشن کمیٹی کے ساتھ میچ دیکھنے کا مقصد کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھنا ہے: ہارون رشید

لاہور (نمائندہ سپورٹس) قائداعظم ٹرافی کے فائنل کے موقع پر سلیکشن کمیٹی کے ساتھ میچ دیکھنے کا مقصد پاکستان کی دو بہترین ٹیموں کے کھلاڑویں کا بغور جائزہ لینا ہے۔ سلیکشن کمیٹی کے اراکین کو بھی مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے‘ کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار چیف سلیکٹر ہارون رشید نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس این جی پی ایل اور یو بی ایل کی ٹیموں کو بہترین کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں۔ ان میں سے کئی کرکٹرز قومی ٹیم کا حصہ ہیں کچھ کم بیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ رواں سال ہم نے بہت کرکٹ کھیلنا ہے۔ پاکستان کی مستقبل قریب میں مصروفیات کو دیکھتے ہوئے قائداعظم ٹرافی کا فائنل ہمارے لئے مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ پاکستان اے ٹیم کے آئندہ دورے کے لئے بھی کھلاڑیوں کے انتخاب میں مدد ملے گی۔پنک بال کا استعمال اچھا تجربہ ہے۔ کھیل میں جدت آرہی ہے اور ہمیں جدید تقاضوں کو ساتھ لیکر آگے بڑھنا ہے۔ دورہ نیوزی لینڈ کے لئے بہترین دستیاب کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے۔ ہم پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ٹیسٹ میچوں میں پوزیشن کو مستحکم رکھنا چاہتے ہیں۔ ایک روزہ اور ٹونٹی ٹونٹی میچوں میں کارکردگی کا معیار بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ انڈر پریشر کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بھی مانیٹر کر رہے ہیں۔ مشکل صورتحال میں کوئی بھی بہتر فیصلہ کرنے کی قوت رکھتا ہو تو اسے زیادہ اہمیت دینے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن