اسلام آباد: کرپشن کے الزام میں گرفتار او جی ڈی سی ایل کے سابق ایم ڈی سمیت 8 افسرجیل منتقل
اسلام آباد (آئی این پی) سینئر سول جج ویسٹ عبدالغفور کاکٹر نے کرپشن کے الزام میں گرفتار سابق ایم ڈی او جی ڈی سی ایل سمیت 8 افسران کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
ملزمان میں سابق ایم ڈی محمد ریاض خان، روح اللہ، حافظ محمد اسلم منیجر ایس سی ایم محمد یوسف، اے جی ایم خان عالم، جی ایم انچارج ڈیلی رنگ اشرف پٹھان، ریجنل کوآرڈینیٹر ابوبکر اور فیلڈ منیجر منور عباس بھی شامل ہیں۔ منگل کو ایف آئی اے نے ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے موقف اختیار کیا کہ سینچو رو پلانٹ کے دوران ملزمان نے خلاف ضابطہ اور بھاری رشوت دیکر من پسند کمپنیوں کو نوازا ہے۔ 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔ ملزموں کے وکیل نے موقف اختیار کیا ایف آئی اے کی جانب سے کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ ایف آئی اے کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کی جائے۔ بنک اکائونٹس کی تصدیق ملزمان کے جیل ہونے پر بھی ہوجائیگی۔