قائمہ کمیٹی : منیٰ میں شہید 75 شہدا کے لواحقین کو 5,5 لاکھ دیدئے: وزیر مذہبی امور
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) سینیٹ کی مجلس قائمہ برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے اجلاس میں دو مزید دو درجن قراردادوں کی متفقہ حمایت کی گئی، راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ 18ترمیم کے بعد صوبوں میں تعلیم اور تعلیمی اصلاحات صوبائی معاملہ ہے اس قسم کے کسی بھی بل پر غور خوص کرتے ہوئے صوبائی خود مختاری کو بھی مد نظررکھنا ہوگا۔ منگل کو مجلس قائمہ کا اجلاس چیئر مین حافظ حمد اللہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ کمیٹی چیئرمین سینیٹر حافظ حمد اللہ کی طرف سے پڑھنے ، سننے اور صحیح تلفظ بل 2015 پر بھی غور کیا گیا ۔سیکرٹری وزارت مذہبی امور سہیل عامر نے بتایا کہ اس طرح کا ہی ایک بل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں زیر بحث ہے جس پر وزارت قانون ، وزارت تعلیم و تربیت کام کر رہی ہے۔ سردار محمد یوسف نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ منیٰ حادثے میں شہید ہونیوالے 102 پاکستا نیوں میں سے 75 شہدا کے لوحقین کو حکومت کی طرف سے اعلان کردہ 5 لاکھ کی رقم ادا کردی گئی ہے ، باقی بھی جلد ادا کر دیئے جائیںگے ۔کمیٹی چیئرمین حافظ حمد اللہ نے حج ٹورز آپریٹرز کے بارے میں شکایات کے حوالے سے کہا کہ وزارت ان کی کارکردگی جانچنے کیلئے مانیٹرنگ کا نظام سخت کرے۔اعظم سواتی نے الزام لگایا کہ وزارت مذہبی امور کرپشن کا گڑھ ہے۔ حج کرپشن کیس کی پیروی نہیں کی گئی۔ سعودی عرب میں پاکستانی حج مشن ختم کردیا جائے۔