• news

2013 ءکے مقابلے میں آج کا پاکستان پرامن‘ محفوظ اور ترقی یافتہ ہے : شہبازشریف

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے کینیڈا کے صوبے انٹاریو کے لیڈر آف دی اپوزیشن پیٹرک برا¶ن کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب حکومت اور کینیڈین وفد نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مستقبل میں تسلسل کے ساتھ رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کینیڈا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں تاہم دونوں ملکوں کے مابین تجارتی و معاشی تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت انٹاریو کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانا چاہتی ہے اور اس ضمن میں تیز رفتاری سے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ کینیڈا میں بسنے والے لاکھوں پاکستانی ملک کے عظیم سفیر ہیں جو قومی معیشت کی مضبوطی کے لئے قیمتی زرمبادلہ بھجواتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی، توانائی بحران اور دیگر چیلنجز کا سامنا ہے۔ حکومت ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں گزشتہ اڑھائی برس کے دوران پاکستان نے کئی شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔ دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے اور توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے نمایاں پیشرفت ہوئی ہے اور 2013ءکے مقابلے میں آج کا پاکستان پرامن، محفوظ اور ترقی یافتہ ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم اور سیاسی و عسکری قیادت یکسو ہو کر آگے بڑھ رہی ہے۔ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، وہ پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں اور ان عظیم قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں توانائی بحران کے خاتمے کے لئے بھی موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ توانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے بجلی کے متعدد منصوبوں پر تیزی کے ساتھ کام ہو رہا ہے۔ 2017-18ءمیں توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے دن رات محنت، لگن اور دیانت سے کام کر رہے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کی منزل حاصل کریں گے۔ مزید براں شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ نے بلدیاتی الیکشن کے تینوں مراحل میں مسلم لیگ (ن) کی شاندار کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکیا- وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے بلدیاتی امیدواروں کی شاندار کامیابی عوام کا وزیراعظم محمد نواز شریف اور پارٹی قیادت سے والہانہ محبت کا اظہار ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل میں عوامی خدمت کی سیاست کی جیت ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گذشتہ روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی- وزیراعلیٰ نے منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت عوامی فلاح و بہبود کے انقلابی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے- شفافیت، اعلیٰ معیار اور تیزرفتاری سے منصوبوں کی تکمیل پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے- وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت مسلم لیگ (ن) کا نصب العین ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گذشتہ روز امریکہ کے قونصل جنرل زیچرے ہارکین رائیڈر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اورمختلف شعبوں مےںتعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف سے گذشتہ روز وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور جام معشوق علی نے بھی ملاقات کی۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں۔ علاوہ ازیں شہبازشرےف نے پی پی 89 کے ضمنی انتخابات میں شاندار کامیابی پرمسلم لیگ (ن) کے امیدوارسیدقطب علی شاہ کومبارکباددی ہے اور کہا ہے کہ ا ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ضمنی انتخابات میں بھی خدمت خلق کی سیاست کی جیت ہوئی ہے۔ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی شاندار فتح عوام کا پارٹی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔
شہباز شریف

ای پیپر-دی نیشن