زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر نے طالب علم کاشان حیدر کا معافی نامہ ایڈوائزری کمیٹی کے سپردکر دیا، وزیراعلیٰ نے تحقیقات کا حکم دیدیا
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی+آن لائن) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے پی ایچ ڈی ایگری ایکسٹینشن کے طالب علم سید کاشان حیدر گیلانی کی طرف سے جمع کروائے جانیوالے غیرمشروط معافی نامے اور اپیل کو ایڈوائزری کمیٹی کے سپرد کرتے ہوئے 24 گھنٹوں میں فیصلے کی ہدایت کی ہے۔ یونیورسٹی ترجمان ڈاکٹر محمد جلال عارف کی طرف سے وضاحت کی گئی ہے کہ کاشان حیدر گیلانی کی طرف سے ڈسپلنری ایڈوائزری کمیٹی کی سفارش پر دی جانیوالی سزا کے خلاف وائس چانسلرکے دفتر میں اپیل جمع کروا دی گئی ہے جس کا فیصلہ جمعرات صبح 9بجے تک کر لیا جائے گا ۔علاوہ ازیں آن لائن کے مطابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے زرعی یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی کے طالب علم کاشان حیدر گیلانی کو زرعی یونیورسٹی میں ہونے والے ناچ گانے پر تنقید کرنے کی پاداش میں یونیورسٹی سے نکالنے کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے فوری طور پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے طالب علم کاشان حیدر گیلانی نے گزشتہ ماہ زرعی یونیورسٹی میں ہونے والے کسان میلے پر فیس بک کے ذریعے تنقید کی تھی جس پر ڈسپلری کمیٹی نے کاشان حیدر کا موقف سنے بغیر اسے یونیورسٹی سے نکالتے ہوئے اس کا داخلہ بند کر دیا تھا وزیراعلی نے یونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ دیگر اداروں سے بھی ناچ گانے کے شو کے بارے میں بھی رپورٹ طلب کی ہے۔
تحقیقات کا حکم/