بالائی علاقوں میں برفباری جاری اندرون پنجاب میں دھند، حد نگاہ کم ہو گئی
اسلام آباد/پاراچنار/ژوب/کالام/سرگودھا (آئی این پی) ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی برفباری نے موسم انتہائی سرد کردیا،کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بدستور بند ہیں۔ ملک کے دیگر حصوں میں بھی سردی برقرار ہے،ملک کے بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد ہے،گلگت بلتستان کے ضلع غذراور استور میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،سخت سرد موسم میں مقامی افراد گھروں کی چھتوں اور راستوں سے برف ہٹا رہے ہیں۔ سکردو میں 2 روز سے برفباری ہورہی ہے، سکردو میں برف باری کے دوران مسافر طیارے کی لینڈنگ سے لوگ حیران رہ گئے جب جہاز نے اسلام آباد سے سکردو کیلئے اڑان بھری تو سکردو میں برفباری ہورہی تھی تاہم طیارے کی لینڈنگ سے کچھ لمحے پہلے برفباری رکی اور ہلکی دھوپ کے باعث حد نظر بھی بہترہوگئی ، جس کے بعد سول ایشن کے عملے نے 14000 فٹ طویل رن وے سے انتہائی مختصر وقت میں برف ہٹا دی ، جس کے باعث جہاز کی لینڈنگ سکردو ائیرپورٹ پر ممکن ہو سکی۔ خیبر پی کے، بلوچستان کے شہر بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے،سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں صبح کے اوقات دھند رہتی ہے۔ بدھ کو سب سے کم درجہ حرارت پاراچنار منفی 10 کالام منفی 4 اور استور منفی2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔