بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ سے لوگ پریشان چولہے ٹھنڈے نارنگ منڈی میں مظاہرہ
لاہور (کامرس رپورٹر+ نامہ نگاران) بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا رہا اور کاروبار زندگی شدید متاثر رہا جبکہ گیس کی بندش کے باعث چولہے ٹھنڈے رہے، گیس بندش کیخلاف نارنگ منڈی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نارنگ منڈی و گرد و نواح میں سوئی گیس اور بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ پر عوام نے حکومت کیخلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سوئی گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نے حکومتی کارکردگی پر پانی پھیر دیا ہے اور عوام حکومت سے دلبراشتہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے سوئی گیس اور بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس پر عوام کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ بمشکل 20 سے 25 منٹ بجلی آنے کے بعد مسلسل دو، دو گھنٹے بجلی بند رہنے سے کاروبار زندگی بری طرح مفلوج ہوکر رہ گیا جبکہ بعض علاقوں میں بجلی کی بار بار ٹرپنگ کے باعث الیکٹرونکس کی قیمتی اشیاء جل جانے سے عوام کو بھاری نقصان بھی اٹھانا پڑا۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ بجلی کی بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے ان کے کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں۔ لاہور میں گذشتہ روز بجلی کے ساتھ گیس کی بھی مسلسل اور طویل لوڈشیڈنگ کی گئی جس سے شہری بلبلا اٹھے اور بجلی و گیس کے ساتھ ساتھ پانی کی بوند کو بھی ترس گئے۔ لگاتار بلاتعطل ہو نے والی لوڈشیڈنگ کے باعث شہری بوکھلا گئے اور کاروبار زندگی بری طرح متاثر رہے۔ سکول و دفاتر جانے والے بچوں اور مرد و خواتین کو خصوصی طور پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گذشتہ روز بادامی باغ، یو ای ٹی، سنگھ پورہ، باغبانپورہ ، ملتان روڈ، شالیمار، ہربنس پورہ، گڑھی شاہو اور دیگر علاقوں میں گیس و بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ ہوئی۔ آف پیک آورز میں بھی گیس کا انتہائی کم پر یشر رہا جس سے شہریوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے جبکہ شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس کے پریشر میں بھی کمی واقع ہو گئی۔ علاوہ ازیں بجلی کی پیداوار میں مزید کمی ہوئی ہے۔ گزشتہ روز بھی لاہور سمیت پنجاب بھر میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہااور اس میں کوئی کمی نہ آئی۔ گزشتہ روز لاہور میں رات کے وقت دوبارہ لوڈشیڈنگ شروع کر دی گئی جوکہ گزشتہ دنوں ختم کر دی گئی تھی۔ لاہور سمیت کئی شہروں میں 8گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں اور چھوٹے شہروں میں 12 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔