کراچی مون گارڈن کیس:سپریم کورٹ نے کے ڈی اے کی درخواست خارج کردی
اسلام آباد(آن لائن)سپریم کورٹ نے کراچی میں مون گارڈن کی تعمیر کیخلاف کے ڈی اے کی درخواست خارج کر دی اور کہا کہ کہ جس کسی کو کوئی شکایت ہے تو وہ متعلقہ فورم سے رجوع کرے۔ سندھ حکومت کے مطابق اراضی سرکار کی تھی جو مون گارڈن کو دی گئی ۔یہ حکم جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے جاری کیا ہے ۔عدالت نے کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو جواب کیلئے ایک دن کی مہلت دی تھی جس میں انہوں نے اعتراض لگایا تھا کہ ریلوے کی اراضی کے حوالے سے جو جواب داخل کیا گیا تھا اس میں ان سے مشاورت نہیں کی گئی تاہم گزشتہ روز سماعت کے دوران کے ڈی اے کے وکیل موثر جواب نہ دے سکے اور عدالت کو بتایا کہ کے ڈی اے کا ایڈمنسٹریٹر جرمنی گیا ہوا ہے ان سے مشاورت نہیں ہو سکی اور ان کی واپسی کا انتظار ہے اس کے لئے مہلت دی جائے ۔عدالت نے کسی بھی قسم کی مہلت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ مال کی رپورٹ آگئی ہے اس کے بعد کسی اور درخواست کی سماعت کی ضرورت نہیں رہتی اس لئے یہ درخواست ہم خارج کررہے ہیں،کسی کو کوئی شکایت ہے تو سول عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔