• news

’’نجکاری‘‘ حکمران پاکستان کو بیچ رہے ہیں، مزدوروں کا ساتھ دینگے: سراج الحق

لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہاکہ حکمران نج کاری کی آڑ میں پاکستان کو فروخت کررہے ہیں ، آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی ایماء پر قومی اداروں کی نیلامی کی جارہی ہے، ملک بھر کے لاکھوں عوام کو مزدوروں اور محنت کشوں کی پشت پر کھڑا کریں گے، پاکستان کے مزدور خود کو تنہا نہ سمجھیں، ہم خون کے آخری قطرے او ر آخری سانس تک محنت کشوں کا ساتھ دیں گے۔ ریلوے سٹیڈیم کراچی سٹی سٹیشن پر ’’انٹی نجکاری مزدور کنونشن‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے مگر مچھ اقتدار کے محلوں اور اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے ہیں اور محنت کشوں کا استحصال کررہے ہیں ۔محنت کشوں کو اپنے حقوق کے لئے بغیر کسی رنگ ونسل اور تفریق کے متحد ہونا ہوگا۔ سٹیل مل، پی آئی اے ریلوے اور واپڈا کی تباہی کے ذمہ دار کرپٹ حکمران ہیں۔ محنت کشوں کا قومی اداروں کی تباہی میں کوئی ہاتھ نہیں ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ کارخانے کے منافع میں اور کھیت کے منافع میں مزدور اور کسان کو بھی شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں عظیم الشان مزدور کنونشن قومی اداروں کی نجکاری کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک کا آغاز ہے جو مزدور وں سے ٹکرائے گا وہ پاش پاش ہوجائے گا ۔وزیر اعظم نواز شریف مسلمانون کے دشمن نریندر مودی کو فون کرکے دوستی کررہے ہیں ۔وزیر اعظم کو دوستی مودی سے نہیں بلکہ اپنے ملک کے عوام اور مزدوروں سے کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں نجکاری کے خلاف تحریک اور جدو جہد میں مزدوروں کے ساتھ کھڑا ہوں مزدوروں کے ساتھ جینا اور مرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سودی نظام نے معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے سودی نظام کے خلاف جدو جہد کرنا جہاد ہے ۔انہوں نے کہا کہ 5ماہ ہوگئے ہیں سٹیل مل کے محنت کشوں کو ابھی تک تنخواہیں نہیں ملی ہیں وزیر اعظم کے دل میں گوشت کا ٹکڑا نہیں بلکہ لوہے کا ٹکڑا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن