راہداری روٹ : احسن اقبال بلوچستان میں بھی رہنماﺅں کو قائل نہ کر سکے‘ تاجروں کے بھی تحفظات
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+آن لائن) بلوچستان کی سیاسی جماعتوں جمعیت علماءاسلام اور عوامی نیشنل پارٹی کے وفد نے وفاقی وزیر احسن اقبال سے ملاقات کی اور طویل ملاقات کے بعد بھی وفاقی وزیر صوبائی قائدین کو گوادر کاشغر اقتصادی راہداری سے متعلق مطمئن نہ کر سکے۔ ذرائع کے مطابق جمعیت علماءاسلام کے پارلیمانی لیڈر و بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی جمعیت علماءاسلام کے مرکزی رہنما و سینیٹر حافظ حمد اللہ عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی اور اے این پی صوبائی جنرل سیکرٹری حاجی نظام الدین کاکڑ نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاﺅس میں احسن اقبال سے طویل ملاقات کی ذرائع کا کہنا ہے جمعیت علماءاسلام اور عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی قائدین نے کہا گوادر کاشغر مغربی روٹ پر بلوچستان کے پشتون اور خیبر پی کے کو مکمل نظرانداز کیا جارہا ہے اور وزیراعظم نے جس روٹ کا افتتاح کیا تھا وہ گوادر کاشغر سے کوئی تعلق نہیں رکھتے جب تک وفاقی حکومت گوادر کاشغر اقتصادی راہداری پر ہمیں حقیقی معنوں میں مطمئن نہیں کرے گی ہم اس مسئلے پر خاموش نہیں رہیں گے اور وفاقی حکومت پر واضح کر دینا چاہتے ہیں گوادر کاشغر روٹ پر کوئی بھی عذر قابل قبول نہیں ہوگا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اقتصادی راہداری منصوبے پر خیبر پی کے کے بعد بلوچستان میں بھی رہنماﺅں کو نہ منا سکے۔ راہداری منصوبے پر جے یو آئی اور پشتونخواہ میپ کو تحفظات ہیں۔ سیاسی جماعتوں نے بلوچستان کے علاقوں کو نظرانداز کرنے پر تحفظات ظاہر کئے ہیں۔ بلوچستان کی تاجر برادری نے بھی وفاقی وزیر کے سامنے تحفظات کا اظہار کیا۔ احسن اقبال 5 گھنٹے ملاقات میں سیاسی، مذہبی و تاجر برادری کو قائل نہ کر سکے، تاخیر سے آمد پر صحافیوں نے بھی احسن اقبال کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔ احسن اقبال نے بعدازاں کوئٹہ میں پریس کانفرنس میں کہا کسی صوبے کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی، اقتصادی راہداری خطے میں گیم چینجر ثابت ہو گی، اقتصادی راہداری کی وجہ سے پاکستان کی ساکھ بہتر ہو رہی ہے۔ راہداری کے پہلے مرحلے میں کوئی صنعتی زون نہیں بنے گا، کچھ عناصر غلط فہمی کے ذریعے گمراہ کن پراپیگنڈہ کر رہے ہیں، اقتصادی راہداری سے پاکستان اور خطہ ترقی کرے گا، وفاق بلوچستان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گا۔ ڈھائی سال میں بلوچستان کیلئے 100 فیصد فنڈز ریلیز کئے۔ بلوچستان میں کئی تعلیمی ادارے اور سڑکیں بنیں۔ کوئٹہ میں پانی اور توانائی کی کمی پوری کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں۔
احسن اقبال