182 مشکوک مدارس بند کر دیئے‘ 190 بیرون ملک سے فنڈز لے رہے ہیں : قومی اسمبلی میں حکومتی رپورٹ
اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی حکومت نے قومی ایکشن پلان کے تحت حاصل کامیابیوں کی تفصیل جمعرات کو قومی اسمبلی میں پیش کر دی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ امور بلیغ الرحمن نے ایوان کو بتایا 2 برسوں میں کل 2533 دہشتگرد گرفتار کیے گئے جن میں سے 726 کو رہا کر دیا گیا کیونکہ ان کے حوالے سے شواہد ناکافی تھے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کی زیر صدارت شروع ہوا تو وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایوان کو تحریری طور پر آگاہ کیا کہ کیری لوگر بل کے تحت پاکستان کو 7.5 ارب ڈالر ملے ہیں، 4.5 ارب ڈالرز کی رقم بجٹ سے ہٹ کر تقسیم ہو چکی ہے اس میں سے 1842.45 ملین ڈالر فاٹا کو فراہم کئے گئے ہیں، ایک سوال پر وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمن نے بتایا عالمی معیار کے مطابق 45 رکنی سواپ ٹیم بنائی گئی ہے جو اسلام آباد میں سکیورٹی کے لیے جدید تقاضوں کے مطابق کام کرے گی، سپیشل کرائم سین فرانزک یونٹ بھی بنا رہے ہیں، قومی ایکشن پلان کے تحت بعض صوبوں میں قانون سازی درکار ہے، ایکشن پلان پر عملدرآمد سے دہشتگردوں کے خلاف موثر کارروائی ہوئی ہے، ایکشن پلان پر عملدرآمد تما م شراکت داروں سے رابطے کے تحت ہو رہا ہے، کالعدم تنظیموں کے ارکان کی فہرستیں تیاری کے مراحل میں ہیں، فہرستوں میں شامل افراد کو نادرا، ایف آئی اے، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، بینکوں اور دیگر اداروں سے منسلک کر دیا جائے گا، ان کے افراد کی نقل وحرکت، رقوم کی منتقلی پر نظر رکھی جا سکے گی، فہرستوں کی تیاری کے بعد کالعدم تنظیموں کے افراد کا حساس اداروں میں داخلہ مشکل ہو جائےگا۔ انہوں نے بتایا بلوچستان کے 4756 افراد کے قومی شناختی کارڈز مشتبہ قومیت کی بنا پر بلاک کر دیئے گئے ہیں 10کروڑ شناختی کارڈز میں سے 2 کروڑ کی مدت بھی ختم ہو گئی ہے، ایک سوال پر پارلیمانی سیکرٹری خزانہ رانا افضل نے بتایا پی آئی اے کی تنظیم نو کے لیے اس میں سٹریٹجک شراکت دار لا رہے ہیں، اس کے لیے عالمی اور ملکی کمپنیز حصہ لے سکتی ہیں، جہازوں کی تعداد بڑھا کر 80 کی جائے گی، پی آئی اے کا مجموعی نقصان 295 ارب ہے، نیشنل ایکشن پلان کے تحت مدارس کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کی تفصیلات بھی قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئیں۔ وزیر مملکت داخلہ نے بتایا نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں 182 مشکوک مدارس بند کر دیئے گئے سندھ میں سب سے زیادہ 167مدارس بند کئے گئے، سندھ میں غیررجسٹرڈ 72مدارس بھی بند کر دیئے گئے ہیں پنجاب میں 2، خیبر پی کے کے 13 مشکوک مدارس نیشنل ایکشن پلان کے تحت بند کر دیئے گئے، ملک کے 190مدارس بیرون ملک سے فنڈز وصول کر رہے ہیں، ان میں پنجاب کے 147، سندھ کے 6، خیبر پی کے کے 7اور بلوچستان کے 30 مدارس غیر ملکی فنڈنگ لے رہے ہیں، اسلام آباد اور پنجاب کے 100 فیصد مدارس کی تلاشی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ سندھ کے 80فیصد، خیبر پی کے کے 75 اور بلوچستان کے 60 فیصد مدارس کی تلاشی کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ ایوان کو بتایا گیا 2 برسوں میں کل 2533 دہشتگرد گرفتار کئے گئے۔ پنجاب سے 55، سندھ سے 897، کے پی کے سے 1068، بلوچستان سے 193، اسلام آباد سے 42، فاٹا سے 206 اور گلگت سے 72 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا پنجاب سے 7، خیبر پی کے سے 635، بلوچستان سے 43 اور گلگت بلتستان سے 41 گرفتار دہشت گردوں کو رہا کر دیا گیا۔
مدارس/ بند