قوانین کی خلاف ورزی پر ائر لائنز کو جرمانے جاری رکھیں گے: نثار
اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے ایف آئی اے 2016 میں کرپشن، مالی بے ضابطگیوں اور انسانی سمگلنگ کے خلاف اپنی کارروائیوں میں نئی جدت اور فعالیت لائے، ایف آئی اے نے اپنی کارکردگی سے معاشرے میں بہتری اور اچھائی کو فروغ دیا، ایف آئی اے قانون کی عمل داری اور بد عنوان عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا خوف و خطر جاری رکھے اس سلسلے میں کسی قسم کی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیا جائیگا، بین الاقوامی ائر لائنز سمیت کسی کو بھی ملکی قوانین کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائیگی اور ائر لائنز کو جرمانے عائد کرنے کا عمل بھی جاری رکھا جائیگا۔ معصوم انسانوں کا استحصال کرنے والے اور ملک کی بدنامی کا باعث بننے والے انسانی سمگلرزکسی رعایت کے مستحق نہیں، ان کے خلاف بلا تفریق و امتیاز بھر پور کارروائی کا عمل جاری رہنا چاہیے۔وہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں انسانی سمگلرز کے خلاف جاری ایف آئی اے کی مہم ، گرفتار شدگان کے خلاف قانو نی کارروائی میں اب تک کی پیش رفت، انسانی سمگلرز کا ڈیٹا بیس بنانے کے علاوہ ایف آئی اے کے زیرِ تفتیش خانانی اینڈ کالیا کیس، پاکستان کرنسی ایکسچینج کیس ، اے کے ڈی سیکیوریٹیز جیسے اہم مقدمات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایف آئی اے کی جانب اور اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انسانی سمگلرز کے خلاف نومبر2015 میں شروع کئے گئے کریک ڈائون میں اب تک مجموعی طور پر 598 افراد کو گرفتارکیا گیا جن کے خلاف عدالتی کیسیز مختلف مراحل میں ہیں۔ گرفتار افراد میں 137 اشتہاری، 48 عدالتوں سے مفروراور 11انتہائی مطلوب ملزم بھی شامل ہیں۔ چوہدری نثار نے کہا 2015کی کامیابیاں اپنی جگہ مگر 2016 میں ایف آئی اے اپنی کاروائیوںکو مزید وسعت اور تیزی لائے، اس سلسلے میں آئندہ 90روز میں ایک مربوط اور منظم حکمت عملی اور طریقہ کار وضع کیا جائے اور اس پر عملدرآمد شروع کیا جائے، انسانی سمگلرز کے خلاف مہم میں اب تک کی پیش رفت حوصلہ افزا ہے لیکن اس میں مزید تیزی لائی جائے، معصوم انسانوں کا استحصال کرنے والے اور ملک کی بدنامی کا باعث بننے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کے خلاف بلا تفریق و امتیاز بھر پور کارروائی کا عمل جاری رہنا چاہیے۔اجلاس میں بغیر تصدیق اور وزارتِ داخلہ کے وضع شدہ طریقہ کار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مختلف ملکوں سے پاکستان ڈی پورٹ کئے گئے افراد کو واپس بھیجنے کے اقدام کو سراہا گیا، نمایاں کارکردگی پر وزیرِداخلہ نے ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب عثمان انور کو آفیسر آف دی ایئر کی اعزازی شیلڈ اور 5 لاکھ نقد انعام سے نوازا۔ انعامات کے مستحق قرار پانے والے دیگر افسران میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوا لہ کے علاوہ 4 انسپکٹر اور سب انسپکٹر رینک کے افسران شامل ہیں جن کو اعزازی شیلڈ کے علاوہ 2,2 لاکھ روپے نقد انعام دیئے گئے۔