ظلم کی انتہا،تلاشی کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی بچے کے سرمیں گولی ماردی
مقبوضہ بیت المقدس(آن لائن)فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کی کارروائی کے دوران قابض صہیونی فوجیوں نے ایک فلسطینی بچے کے سرمیں قریب سے گولی ماردی۔مرکزاطلاعات فلسطین کیمطابق بیت المقدس میں العیسویہ قصبے کے ایک مقامی سماجی کارکن اور فالو اپ کمیٹی کے رکن ابوالحمص نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے قصبے میں گھروں میں تلاشی کاسلسلہ شروع کیا۔ اس دوران کچھ فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیلی فوج کی غنڈہ گردی، گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں کو زود کوب کرنے پرسخت احتجاج کیا۔ قابض فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ان پر لاٹھی چارج کیا،آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ ساتھ ان پر دھاتی گولیوں سے بھی فائرنگ کی۔اس دوران قابض فوجیوں نے احمد توفیق ابو الحمص نامی لڑکے کے سر میں گولی ماردی۔ زخمی بچے کو سرجری کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض سرائیلی فوجیوں نے الخلیل شہر میں مسجد ابراہیمی کے قریب سے ایک 26 سالہ فلسطینی لڑکی کو حراست میں لینے کے بعد نا معلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ گرفتار کی گئی خاتون کی شناخت سہام فرج الفاخوری کے نام سے کی گئی ہے۔