• news

ائر ہوسٹس سمیت 6 انسانی سمگلر گرفتار

اسلام آباد+ لاہور+ گوجرانوالہ (وقائع نگار خصوصی+ خبرنگار+ نمائندہ خصوصی) وفاقی تحقیقاتی اداروں نے اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران قومی ائر لائن کی ائر ہوسٹس سمیت 6 انسانی سمگلروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایف آئی اے نے اسلام آباد ائر پورٹ پی آئی اے کی پرواز پی کے 741 کے ذریعے جدہ جانے والے ایک مسافر احتشام الدین کو حراست میں لے لیا۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ احتشام الدین مردان میں ٹریول ایجنٹ ہے اور اس کی بیوی آمنہ شاہد قومی ائر لائن میں ائر ہوسٹس ہے۔ احتشام کا نام انسانی سمگلنگ میں ملوث ہونے کی وجہ سے ای سی ایل میں شامل تھا اور جدہ فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ طیارے میں اس کے ساتھ اس کی ائر ہوسٹس بیوی آمنہ بھی تھی۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے کھاریاں اور گجرات میں کارروائی کرتے ہوئے 2 انسانی سمگلروں کو گرفتار کر لیا۔ قمر عباس عرف کالو کا نام ریڈ بک میں شامل تھا اور دونوں ملزم لوگوں کو یونان اور فرانس سمیت دیگر ممالک کے جعلی اور چوری شدہ رہائشی کارڈ کے ذریعے بیرون ممالک بھجواتے تھے۔ لاہور ایف آئی اے نے گوالمنڈی میں ایک پرنٹنگ پریس پر چھاپہ مار کر جعلی پاسپورٹ اور دیگر جعلی دستاویزات تیار کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے جدید پرنٹنگ مشین، پاکستانی پاسپورٹ کی 60عدد لیمینیشن، ایک جعلی برطانوی پاسپورٹ، پاکستان اور کینیڈا کے پاسپورٹ، نادرا اور دیگر سرکاری محکموں کے کاغذات کی تیاری کیلئے میٹل پرنٹنگ بلاکس کو قبضے میں لے لیا گیا۔ پرنٹنگ پریس کے مالک محمود سعید عرف استاد مودی سمیت انسانی سمگلر یسین عرف ماسٹر بودی اور ڈائی میکر کلیم کو گرفتار کر لیا۔ کئی گرفتار انسانی سمگلرز نے انکشاف کیا تھا کہ وہ جعلی پاسپورٹ اور ویزے گوالمنڈی میں واقع محمود پرنٹنگ پریس سے چھپواتے ہیں۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سیالکوٹ سے گرفتار ہونے والا ملزم محمد جاوید سیالکوٹ کا رہائشی اور لوگوں کو سہانے خواب دکھا کر بیرون ممالک بھجوانے کا جھانسہ دے کر لوٹنے کے مقدمات میں ملوث تھا۔ ایف آئی اے گوجرانوالہ نے 5 انسانی سمگلر گرفتار کر لئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر خالد انیس کی سربراہی میں ایف آئی اے نے انتہائی مطلوب انسانی سمگلر فاروق عرف فاروق پال کو گرفتار کر لیا۔ ملزم ایران اور ترکی کے راستہ عرصہ سے لوگوں کو یونان اور یورپ کے دیگر ممالک بھجوا رہا تھا۔ ملزم کا نام مطلوبہ انسانی سمگلروں کی ریڈ بک میں بھی شامل ہے۔ علاوہ ازیں اسسٹنٹ ڈائریکٹر گجرات چودھری محمد سرور نے انسانی سمگلر محمد عنایت کو گجرات سے گرفتار کر لیا۔ دو مزید اشتہاری بھائیوں سیف اللہ اور فرحان اللہ کو گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا۔ سیالکوٹ سے محمد جاوید کو انسانی سمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔علاوہ ازیں ایف آئی اے نے سرگودھا سے گرفتار ہونیوالے ہنڈی حوالے کا کاروبار کرنے والے ملزم کے صوبے میں پھیلے دیگر دفاتر پر چھاپے مارنے شروع کر دئے ہیں ۔ یاد رہے ایف آئی اے کی چھاپہ مار ٹیم نے انسپکٹر عبدالقیوم اور ناصر اعوان کی سربراہی میں ریل بازار سرگودھا میں چھاپہ مار کر ملزم رانا عابد کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کے امریکی، آسٹریلین، کینیڈین ڈالر، سوئس فرانک اور یورو برآمد کئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن