’’شہباز شریف کے عوامی و فلاحی اقدامات دوسرے صوبوں کیلئے مشعل راہ ہیں‘‘ بلوچستان کے طلبا کا خراج تحسین
لاہور (خبر نگار) پنجاب کے دورے پر آئے بلوچستان کے ضلع خضدار کے گورنمنٹ ڈگری کالج کے طلباء اور اساتذہ نے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی سربراہی میں پنجاب حکومت کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی شبانہ روز محنت اور کاوشوں سے لاہور سمیت پنجاب میں نمایاں ترقی ہوئی ہے اور آپ حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ ہم نے پنجاب آکر ترقی کے سفر کا عملی مشاہدہ کیا ہے، بلاشبہ شہباز شریف کے عوامی و فلاحی اقدامات دیگر صوبوں کے لئے مشعل راہ ہیں اور پنجاب میں تبدیلی نظر بھی آتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ جس طرح پنجاب میں میٹرو بس سروس، اورنج لائن ٹرین اور دیگر فلاح عامہ کے منصوبوں کیلئے دن رات کام ہو رہا ہے اس طرح کے منصوبے بلوچستان اور دیگر صوبوں میں بھی لگنے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بلوچستان کے طلبا کے ساتھ انتہائی دوستانہ ماحول میں بات چیت کی اور فکر انگیز انداز میں پاکستان کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے گفتگو کی۔