• news

کراچی: پولیس مقابلہ،2 ڈاکو ہلاک، کنٹینر سے 22 ہزار کلو دھماکہ خیز مواد برآمد

کراچی(نوائے وقت رپورٹ+ایجنسیاں) کراچی کے علاقہ کورنگی میں پولیس مقابلے کے دوران 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں پولیس سے مقابلے کے دوران دو ڈاکو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، پولیس کے مطابق تینوں ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے بھاگنے کی کوشش کی دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران دو ملزم ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ملزمان کے قبضہ سے دو ٹی ٹی پستول ایک موٹر سائیکل اور چار موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔علاوہ ازیں کراچی میں داعش کے لئے بھرتی کرنے والے ملزم نے دوران تفتیش سنسنی خیز انکشاف کئے ہیں، کالعدم تنظیم کے لئے چندہ، مدرسوں کے نام پر مانگا جا رہا ہے جبکہ شام جانے کے لئے افغانستان اور ایران کے راستے استعمال ہو رہے ہیں۔ ملزم عبدالعزیز کی تفتیشی رپورٹ کے مطابق کالعدم تنظیم مدارس کیلئے چندہ مدارس کے نام پر لیا جاتا ہے جس کا مقصد قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچنا ہے۔ملزم نے بتایا کہ داعش کے لئے کم از کم 20افراد کا گروہ تیار کیا جاتا ہے جنہیں پہلے کوئٹہ اور پھر افغانستان اور ایران کے راستوں سے شام بھیجا جاتا ہے۔علاوہ ازیں چین سے درآمد کئے گئے کنٹینر پر بڑی تعداد میں 22 ہزار کلو دھماکہ خیز مواد پکڑا گیا ہے ،نجی ٹی وی کے مطابق پشاور میں کچھ عرصہ پہلے دھماکہ خیز مواد کے 2کنٹینر ز پکڑے گئے تھے۔ پشاور سے پکڑے جانے کے بعد کراچی میں کنٹینرز کو کلیئر نہیں کرایا گیا۔علاوہ ازیں رینجرز نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر ڈاکو اور8ملزم گرفتار کر لئے ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کالعدم تنظیم کا دہشت گرد بھی شامل ہے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے پیر پڈی میں پولیس مقابلے میں دو بھتہ خور گرفتار کر لئے گئے۔علاوہ ازیں سی ٹی ڈی نے منگو پیر میں کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا ہے اسلحے میں دو کلاشنکوف دو رائفلیں 8 دستی بم ،چار پستول اور50کلو دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا۔اے این این کے مطابق سیشن جج جنوبی نے سیاسی جماعت کے دو کارکنوں کو 15,15سال قید کی سزا سنا دی۔ این این آئی کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی جانب سے قومی ایئر لائن پی آئی اے میں ہونے والی بد عنوانیوں سے متعلق تحقیقات جاری ہیں تحقیقات کے دوران ٹکٹوں کے فراڈ کا سکینڈل سامنے آنے پر آئی ٹی آفیسر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔علاوہ ازیں کراچی میں مین ہولز کی نشاندہی کیلئے کراچی کی سڑکوں پر وزیر اعلیٰ سندھ کی تصویر بنانے والے عالم گیر خان کے خلاف فیروز آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔سڑک پر وزیر اعلیٰ سندھ کی تصویر بنانے والے عالم گیر خان کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے اس پر مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، میرے خلاف ایک نہیں سو جھوٹی ایف آئی آر بنائی جائیں گی۔علاوہ ازیں کراچی پورٹ سے پکڑے گئے دھماکہ خیز مواد سے بھرے کنٹینر کی تحقیقات جاری ہیں ذرائع کے مطاقب دھماکہ خیز مواد سے بھرا کنٹینر راولپنڈی کی ایک شخصیت کی ملکیت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن