پاکستان اور چین کی تقدیر ایک دوسرے سے وابستہ ہے: چائنا ڈیلی
بیجنگ (آئی این پی/شنہوا)چینی صدر کے حالیہ دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں نئی راہیں کھل گئیں اور ترقی کے نئے دروازے وا ہوئے ہیں ، دونوں ممالک کے سربراہوں نے اقتصادی ترقی پر اپنی توجہ مرکوز رکھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار چین کے معروف اخبار ڈیلی چائنا نے اپنی حالیہ اشاعت میں کیا۔ اخبار لکھتا ہے کہ اپنے دورہ پاکستان کے دوران صدر ژی نے واضح طور پر کہہ دیا تھا کہ دونوں ممالک کی تقدیر ایک دوسرے کے ساتھ وابستہ ہے ،چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ایک خواب ہے جس کی تعبیر سے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے مثالی دور کا آغاز ہو گا۔ راہداری منصوبہ کے مطابق پاکستان میں 3ہزار کلومیٹر سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔ آنے والے برسوں میں ریلوے کے ذریعے بھی پاکستان اور چین کے درمیان رابطہ مکمل ہو جائے گی۔ اخبار لکھتا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی ناقابل شکست ہے اور یہ نسل در نسل پروان چڑھ رہی ہے جسے میاں محمد نواز شریف کی حکومت میں انتہائی بلندیوں تک پہنچا دیا گیا۔ اخبار مزید لکھتا ہے کہ چین امن کے پانچ اصولوں پر قائم ہے وہ امن سے محبت کرنے والا ملک ہے وہ امن اور آزادی کی پالیسی پر گامزن ہے ، دوسرے ملکوں کے ساتھ تعاون ، انصاف اور عدم مداخلت اس کی پالیسی کے اہم اجزا ہیں ۔ صدر ژی نے بنڈونگ کانفرنس میں خطاب کے دوران بھی ان اصولوں کو واضح کیا تھا۔