• news

خیرپور میں 3ماہ کے دوران 140بچے جاں بحق ہوگئے

خیرپور (نامہ نگار)سول ہسپتال خیرپور میں نومولود بچوں کی اموات پر اہم انکشاف‘ تین ماہ میں 140بچے ہلاک ہوئے۔ خبریں چلانے پر سول ہسپتال خیرپور میں صحافیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔ تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کے آبائی شہر خیرپور میں آکسیجن کی کمی‘ ٹیکنیکل سٹاف‘ تجربہ کار ڈاکٹروں کی کمی اور ادویات کے فقدان کے باعث تین ماہ کے دوران 140 معصوم بچے فوت ہونے کا انکشاف ہوا ہے اکتوبر 2015 میں 30بچے نومبر میں 50 بچے دسمبر میں 47 جبکہ جنوری 2016ء کے پہلے ہفتہ میں 7بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ میڈیا میں خبریں آنے کے باوجود نہ سول انتظامیہ نے ایکشن لیا ہے اور نہ ہی سندھ حکومت نے ایکشن لیا ہے صرف ایک انکوائری کا حکم دیکر فائل بند کردی گئی اور بچوں کی اموات کا سلسلہ جاری ہے اس سلسلے میں فوت ہونے والے بچوں کے ورثاء آصف شیخ‘ نثار میمن‘ شہریوں‘ سماجی تنظیموں کے رہنمائوں غلام حسین میرانی‘ راجہ عبدالحمید ایڈوکیٹ‘ کامریڈ وہاب شیخ‘ عبدالصمد صدیقی‘ محمد اسداللہ صدیقی نے کہا ہے کہ سول ہسپتال خیرپور میں تجربہ کار ڈاکٹروں کی کمی ہے۔ ہسپتال میں آکسیجن کی کمی ہے۔ ڈاکٹروں نے اپنے پرائیویٹ کلینک/پرائیویٹ ہسپتالوں میں ڈیوٹیاں کررہے ہیںمگر مریضوں پر توجہ دینے کے بجائے انہیں پرائیویٹ کلینکوں پر آنے کا کہا جاتا ہے انجمن تاجران کے صدر غفار شیخ‘ الطاف لاشاری نے بچوں کی اموات پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن