ایپکا کی مختلف شہروں میں مطالبات کی منظوری پر اظہار تشکر ریلیاں
لاہور+گوجرانوالہ (سپیشل رپورٹر + نامہ نگاران + نمائندہ خصوصی) لاہور سمیت مختلف شہروں میں ایپکا نے مطالبات کی منظوری پر اظہار تشکر کیلئے ریلیاں نکالیں، تفصیلات کے مطابق ایپکا پنجاب نے سول سیکرٹریٹ لاہور سے پنجاب اسمبلی چوک تک خادمِ پنجاب زندہ باد/ اظہار تشکر ریلی نکالی گئی جس میں ایپکا لاہور ڈویژن کے تمام محکمہ جات کے صدورو جنرل سیکرٹری، عہدیدران و ہزاروں ملازمین اور سول سیکرٹریٹ کے تمام ملازمین ریلی کی صورت میں اکٹھے ہو ئے۔ اس دوران تنویر اقبال صدر، شیخ اعجاز ٹائون ہال ایمپلا ئز ایسوسی ایشن نے ایپکا پنجاب میں اپنی شمولیت کا اعلان کیا اور ریلی میں بھرپور شرکت کی جس کو سراہا گیا۔شرکاہء سے خطاب کرتے حاجی محمد ارشاد چوہدری، صدر ایپکا پنجاب و دیگر قائدین ایپکا اور رانا محمد نثار احمد صدرنے کہا ہم ایپکا کے پلیٹ فارم سے شہباز شریف، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، خٖضر حیات گوندل، شمائل احمدخواجہ، ڈاکٹر ارشد محمود سیکرٹری فنانس ودیگر حکومتی نمائندگان کا پنجاب بھرکے سرکاری ملازمین کی تاریخ ساز اپ گریڈیشن و ٹائم سکیل پروموشن کو سراہتے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہائو الدین میں وزیراعلی پنجاب کے حق میں نعرے لگائے۔ علاوہ ازیں آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ڈی ایس ڈی نے خادم پنجاب ریلی کا بھر پور بائیکاٹ کیا اور پنجاب اسمبلی ہال چوک میں ٹیکنیکل سٹاف کے سکیلز کو اپ گریڈ نہ کئے جانے پر حکومت پنجاب کے خلاف احتجاج کیا ایپکا ڈی ایس ڈی کے صدر عمر ظفر، جنرل سیکریٹری وسیم یوسف نے خطاب میں کہا دس سال سے صرف کلیریکل سٹاف کو اپ گریڈ کیا جانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ حالیہ اپ گریڈیشن میں کوئی بھی ریلیف نہ دینے کے خلاف ٹی ایم اے ننکانہ صاحب کے درجنوں سینٹری ورکروں، نائب قاصدوں اور ڈرائیوروں نے پنجاب حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن گوجرانوالہ کے زیر اہتمام کلرکوںکی اپ گریڈیشن پر اظہار تشکر ریلی نکالی گئی‘ ریلی کی قیادت ڈویژنل صدر طاہر محمود بھٹی‘ مرکزی ڈپٹی سیکرٹری میاں عبدالشکور‘ جنرل سیکرٹری محمد اقبال گوندل‘ مرکزی صدر پی ڈبلیو ڈی ملک افتخار احمد‘ سینئر نائب صدر رانا منظور احمداور مولوی محمد عارف نے کی۔