• news

مقبوضہ کشمیر: گورنر راج نافذ‘ محبوبہ مفتی کٹھ پتلی وزیراعلیٰ نامزد‘ پرسوں حلف اٹھانے کا امکان

سرینگر (نوائے وقت رپورٹ+کے پی آئی) مقبوضہ وادی میں گورنر راج لگا دیا گیا۔ محبوبہ مفتی کے حلف اُٹھانے تک مقبوضہ وادی میں گورنر راج نافذ رہے گا۔ محبوبہ مفتی نے والد کی وفات کے سوگ میں گزشتہ روز حلف اُٹھانے سے انکار کیا تھا۔ محبوبہ مفتی کے پرسوں حلف اُٹھانے کا امکان ہے۔ مفتی سعید کے انتقال کے بعد ان کی 56 سالہ بیٹی و ممبر پارلیمنٹ محبوبہ مفتی کو کٹھ پتلی وزیراعلیٰ نامزد کر دیا گیا۔ پی ڈی پی کے دو سینئر رہنماؤں نے ریاستی گورنر سے ملاقات کی اور انہیں محبوبہ مفتی کو ریاست کا نیا وزیراعلیٰ بنانے سے متعلق پارٹی کے تمام ارکان کی جانب سے حمایت کا خط دیا۔ مظفر حسین بیگ اور وزیر تعمیرات الطاف گوہر نے گورنر کو باور کرایا کہ پارٹی نے محبوبہ مفتی کو اپنا نیالیڈر منتخب کر لیا ہے۔ بی جے پی نے بھی محبوبہ مفتی کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کرنے پر اتفاق کر لیا۔ وہ پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہونگی۔ دریں اثناء مقبوضہ جموں وکشمیر کے کٹھ پتلی وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید کے انتقال پر بھارتی قیادت کے علاوہ حریت پسند رہنماوں نے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔بھارتی صدر پرناب مکھر جی نے کہا کہ مفتی محمد سعید نے جموں کشمیر اور ملک کے لوگوں کے لئے طویل خدمات انجام دیں، وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ بھارتی نائب صدر حامد انصاری نے اپنے پیغام تعزیت میں کہا کہ مفتی محمد سعید نے قومی مفاد کو دیگر تمام مفادات پر مقدم رکھا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے تعزیتی بیان میں مفتی محمد سعید کے انتقال کو قومی نقصان سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک میں ایک خلاپیدا ہوا ہے اور ہیلنگ ٹچ دینے والے لیڈر کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ کانگریس چیئرپرسن سونیا گاندھی نے کہا کہ ان کی موت سے جموں وکشمیر کی سیاست میں زبردست خلاپیدا ہوگیا۔ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ نے کہا کہ مرحوم کو کشمیر سے متعلق پیچیدہ مسائل کی پوری سمجھ تھی۔ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ نے محروم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مفتی سعید ایک منجھے ہوئے سیاست دان ہونے کے ساتھ ساتھ بہتر ین ایڈمنسٹریٹر تھے۔ حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید کی رحلت پر ان کے لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کرتے ہوئے کہا ہے کہ موت ایک اٹل حقیقت ہے اور بادشاہ ہو یا رعایا، اس سے کسی بھی ذی روح کو مفر حاصل نہیں۔ چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے امیر خواجہ غلام محمد بٹ نے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ موت ایک ایسی حقیقت ہے جس سے ہر متنفس کو گزرنا پڑے گا۔ مقبوضہ کشمیر کے کٹھ پتلی وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید کو نماز جنازہ کے بعد سرینگر میں سپردخاک کردیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن