فاٹا میں تعلیم، صحت کی بہتر سہولیات کیلئے کام تیز کیا جائے: صدر ممنون
اسلام آباد (صباح نیوز)صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ فاٹا میں تعلیم اور صحت کی سہولتوں میں اضافے کے لیے کام تیز کیا جائے اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے متعلقہ شعبوں میں ایڈوائزری بورڈ قائم کئے جائیں ۔صدر مملکت نے یہ ہدایت ایوان صدر میں خیبر اور باجوڑ ایجنسیوں میں تعلیم اور صحت کے امور کے بارے میں ایک بریفنگ کے موقع پر دی۔ صدر نے ہدایت کی کہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے ضروری ہے کہ سرکاری ملازمین یہ کام اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ ساتھ عبادت سمجھ کر سرانجام دیں۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں کام کرنے والے اساتذہ، ڈاکٹروں اور دیگر عملے کو بہترسہولتیں فراہم کی جائیں اور اس مقصد کے لیے نئے پیکج تیار کیے جائیں تاکہ قبائلی علاقوں میں اچھے اساتذہ ، ڈاکٹر اور دیگر عملہ میسر آسکے۔ انہوں نے ملازمین کو دستیاب سہولتوں میں امتیازی سلوک کے خاتمے کی بھی ہدایت کی۔ سکولوں میں داخلے میں اضافے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ قبائلی علاقوں کے دوروں میں اضافہ کریں گے تاکہ ان علاقوں کے مسائل جلد حل ہو سکیں۔