• news

چودھری نثار نے تاحال رابطہ نہیں کیا: قائم علی شاہ، خورشید شاہ سے ملاقات

کراچی (وقائع نگار+ آئی این پی) سندھ کے وزیر اعلی قائم علی شاہ نے شکوہ کیا ہے کہ رینجرز اختیارات کے مسئلے پر بات چیت کیلئے وفاقی وزیر داخلہ نے کراچی آنا تھا لیکن نہیں آئے۔وزیر اعلی سندھ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں بتایا گیا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر کراچی آئیں گے اور ان سے ملاقات کریں گے۔ رینجرز کے اختیارات کے معاملہ پر بات ہوگی لیکن تاحال کوئی رابطہ تک نہیں کیا گیا اور نہ ہی فون پر بات ہوئی ہے۔ دریں اثناء قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے جمعہ کی شام وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے چیف منسٹر ہائوس میں ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں وفاق اور سندھ کے درمیان رینجرز تنازع ، بلدیاتی انتخابات کی مخصوص نشستوں، سندھ بھر کے اضلاع میں پارٹی کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے امیدواروں سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قبل ازیں ایک تقریب سے خطاب کرتے او رمیڈیا سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ ساری دہشت گردی پاکستان سے ہورہی ہے کا تاثر غلط ہے،پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے مدارس کے علماء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علماء نوجوانوں کو صحیح راہ دکھائیںتا کہ وہ سیدھے راستے پر چلیں اور بھٹک کر غلط راستے کی طرف گامزن نہ ہوں۔ ملک و معاشرے میں مذہبی برداشت کی اشد ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن