• news

وفاق کیخلاف بغاوت کی بات نہیں کی تحفظات کا اظہار کیا: مولا بخش چانڈیو

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے پیپلزپارٹی پر بلدیاتی نمائندوں کی خرید وفروخت کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کو کراچی میں بلدیاتی نمائندوں کی خریدو فروخت کی ضرورت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے تصور میں بھی نہیں کہ کراچی میں دھاندلی کریں، بلدیاتی انتخابات کے فوری بعد ہم نے مینڈیٹ کو تسلیم کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ صوبے نے وفاق کے خلاف بغاوت کی کوئی بات نہیں کی۔ صوبائی خود مختاری کی حدود میں رہ کر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جمہوریت کے تسلسل کے لئے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی مدد کی اور بیجاتنقید برداشت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں (ن) لیگ کی نیت پر کبھی 100 فیصد اعتبار نہیں کرتا۔

ای پیپر-دی نیشن