مسلمان ایک امت ہیں، اسلام میں فرقہ واریت کا تصور نہیں: حافظ سعید
لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مسلمان ایک امت ہیں‘ اسلام میں فرقہ واریت اور پارٹی بازی کا کوئی تصور نہیں۔ مسلم معاشروں میں قتل و غارت گری سے بیرونی قوتیں فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ قرآن و سنت پر عمل پیرا ہونے سے ہی فرقہ واریت کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ 68سال گزر گئے ملک سے کرپشن، سود اور ناانصافی ختم نہیں ہوسکی۔ حکمرانوں سے لیکر عوام تک سب اپنی اصلاح کریں اور اللہ کے احکامات کی نافرمانی ترک کر دیں۔ اسی سے آسمانوں سے برکتیں اتریں گی اور مسلم معاشرے امن و سکون کا گہوارہ بنیں گے۔ وہ جامع مسجد القادسیہ میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب اور بعد ازاں کارکنان و ذمہ داران کے مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔ ہماری سیاست، معیشت و معاشرت سمیت ہر عمل کتاب و سنت کی تعلیمات کے مطابق ہونا چاہیے۔ جب اللہ کی نافرمانیاں اور فحاشی وعریانی عام ہو جائے تو معاشرے اللہ کی پکڑ کا شکار ہو جاتے ہیں اور اللہ تعالیٰ اغیار کو مسلط کر دیتا ہے۔انہوںنے کہاکہ دنیائے کفر کی سازشوں کے خاتمہ کیلئے عالم اسلام کا متحد ہونا بہت ضروری ہے۔