لوڈشیڈنگ برقرار‘ کاروبار متاثر‘ اوکاڑہ میں خواتین اور بچوں کا مظاہرہ
لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) لاہور سمیت کئی شہروں میں گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ گزشتہ روز بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ برقرار رہا اور کاروبار شدید متاثر ہوئے جبکہ گیس کی بندش کے باعث گھروں میں چولہے بدستور ٹھنڈے رہے۔ اوکاڑہ میں گیس کی لوڈشیڈنگ کیخلاف خواتین اور بچوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں گیس کی بندش اور پریشر میں کمی کیلئے تاحال سوئی گیس حکام کی طرف سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ لاہور ریجن کی طرف سے انفرادی شکایات بھی مکمل طور پر حل نہیں کی جا رہی۔ صارفین نے وفاقی حکومت اور وزیراعلیٰ پنجاب سے گیس کی بندش کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری طرف 8 سے 10 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری رہی۔ ایسی صورت حال میں پانی، گیس اور بجلی کی قلت نے شہریوں کو احتجاج پر مجبور کر دیا ہے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نارنگ منڈی میں جمعہ کے روز بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث سینکڑوں افراد کو نمازجمعہ سے محروم کردیا۔ شہریوں نے شدید احتجاج کیا، بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہری نماز جمعہ بھی ادا نہ کر سکے اور مساجد میں لوگ وضو کیلئے پانی کی بوند بوندکو ترس گئے اور سراپا احتجاج بن گئے۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق گیس پریشر کم ہونے اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف درجنوں خواتین اور بچوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ خواتین اور بچوں نے مختلف مقامات پر مقامی اخبارات کے دفاتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ قصورسے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور اور گردو نواح میں محکمہ سوئی گیس کی جانب سے گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری جس پر شہری سراپا احتجاج بنے رہے۔ محکمہ سوئی گیس کی طرف سے گیس کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے عوام کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے سارا دن گیس نہ ہونے کی صورت میں عوام کو شدید مشکلا ت کا سامنا رہا۔ علاوہ ازیں لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافے سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا اور وہ سراپا احتجاج بن گئے۔ دن اور رات کے دوران بجلی کی بندش کا دورانیہ ایک بار پھر 7 سے 8 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ این این آئی کے مطابق وہاڑی اور پیرمحل میں بھی طویل لوڈشیڈنگ جاری رہی جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔