قصور سمیت متعدد شہروں میں ٹریفک حادثات، 19 افراد جاں بحق، 44 زخمی
لاہور+ دیر بالا + شانگلہ + چترال (نامہ نگاران + ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) قصور سمیت متعدد شہروں میں ٹریفک حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 19 افراد جاں بحق جبکہ 44 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق قصور ملتان روڈ گہلن پھاٹک کے قریب موٹر سائیکل اور ٹرالر کے تصادم میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ بابر علی اپنی والدہ فرزانہ بی بی اور دو بھائیوں آصف اور اسد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر اوکاڑہ کے علاقہ رینالہ خورد سے پتوکی آ رہا تھا کہ گہلن پھاٹک کے قریب تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر ہو گئی جس کے نتیجہ میں 12 سالہ آصف اور اس کا چھوٹا بھائی 8 سالہ اسد اور 40 سالہ فرزانہ بی بی موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ زخمی بابر علی کو علاج کیلئے جناح ہسپتال لاہور ریفر کر دیا گیا جبکہ ٹرالر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس تھانہ صدر پتوکی نے ٹرالر قبضے میں لیکر کارروائی شروع کر دی تاہم موٹر وے پولیس نے موقع پر نعشیں اٹھائے بغیر ٹریفک بحال کروا دی جس پر اہل علاقہ نے ملتان روڈ بلاک کرکے موٹر وے پولیس کی بے حسی کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔ تاہم پتوکی پولیس کی مداخلت پر ایک گھنٹے بعد ٹریفک بحال ہو گئی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ تحصیل کمالیہ میں چیچہ وطنی روڈ پر مسافر بس اور ٹرک میں تصادم سے ایک شخص جاں بحق اور بچوں سمیت 30 افراد زخمی ہو گئے۔ بس اوچ شریف سے گجرات جا رہی تھی۔ چنیوٹ میں جھنگ روڈ پلاٹ سٹاپ کے قریب تیز رفتاری کے باعث ٹریکٹر ٹرالی اور رکشہ کے تصادم میں رکشہ میں سوار 40 سالہ برکھا اور 40 سالہ میاں خان جاں بحق 4 افراد زخمی ہوگئے۔ ادھر دیر بالا کے علاقے سندرول میں کار کھائی میں گرنے سے دو خواتین جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ بریک فیل ہو جانے کے باعث پیش آیا۔ دریں اثنا سوات کے علاقے بشام میں تیز رفتار گاڑی نہر میں گرنے سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ گزشتہ روز بشام سے کرورہ جانے والی گاڑی تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر نہر میں جا گری۔ دوسری طرف چترال میں دروش کے مقام پر گاڑی کھائی میں گر گئی جس سے 3 افراد جاں بحق، 7 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ جوہر آباد سے نامہ نگار کے مطابق جہلم پل خوشاب تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے 2 موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گئے۔