پی آئی اے ملازمین کے لاکرز سے طیارے میں فراہم کیا جانیوالا سامان برآمد
لاہور (خبرنگار) پی آئی اے انتظامیہ نے لاہور ائر پورٹ پر اپنے افسروں اور ملازمین کے کمروں میں بند الماریوں سے مسافروں کو دئیے جانیوالے سامان کی بہت بڑی مقدار قبضے میں لے لی۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ کو اطلاع ملی تھی کہ جہازوں میں مسافروں کو کھانے پینے کی اشیاء سے دیگر سامان تک سب کچھ بیحد کم مقدار میں ملتا ہے اور پی آئی اے کے سٹیورڈ اور پرسر، ائر ہوسٹس مسافروں کو صاف جواب دے دیتے کہ جو ملا تھا دے دیا۔ چنانچہ پی آئی اے لاہور ائر پورٹ کے سکیورٹی منیجر اسد بخاری نے ’’ریکی‘‘ کے بعد گذشتہ روز پی آئی اے کے افسروں اور ملازمین کے کمروں میں الماریوں کے تالے توڑ کر جہاز میں مسافروں کو مہیا کئے جانیوالا سامان بڑی تعداد میں برآمد کر لیا۔ برآمد ہونیوالے سامان میں صابن، پرفیومز، ائر فریشنر، کولڈ ڈرنکس منرل واٹر، تولئے، دودھ کے ڈبے، بسکٹ، ٹشو پیپرز، سینڈوچ اور دیگر اشیاء شامل تھیں۔ ہر کمرے ا ور افسر یا ملازم کی الماری سے برآمد ہونیوالے سامان کی مکمل فہرست تیار کر کے مکمل رپورٹ کراچی ہیڈ کوارٹر بھجوائی جا چکی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق لاکرز کی تلاشی پر یونین کے نائب صدر و دیگر نے مزاحمت کی۔