منور تالپور پر جھوٹا مقدمہ نئے سال کا ”تحفہ“ میاں صاحب سن لیں‘ آپ کے ظلم کا مقابلہ کرتے رہیں گے : زرداری
لندن (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) سابق صدر اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے سربراہ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف نے میر منور تالپور پر جھوٹا مقدمہ درج کروا کر ہمیں 2016ءکا پہلا تحفہ دیا ہے جس پر میں انکا مشکور ہوں، ایک بیان میں سابق صدر نے کہا کہ 2015ءمیں ڈاکٹر عاصم کیخلاف بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات درج کروائے گئے، کئی ماہ گزر جانے کے باوجود ان کیخلاف کچھ ثابت نہیں کیا جا سکا، آصف زرداری نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب سن لیں ہم ماضی میں بھی آپ کے مظالم کا مقابلہ کرتے رہے اب بھی کریں گے۔ تین دہائیوں سے پیپلزپارٹی کے خلاف شرمناک پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے لیکن آج تک ایک بھی الزام ثابت نہیں ہو سکا، ہمیں افسوس ہے کہ میاں صاحب آپ نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا، ماضی میں بھی پیپلزپارٹی کے مخالفین اپنے مکروہ مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے اور اب بھی انہیں شرمندگی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔
زرداری