اقتصادی راہداری پورے پاکستان کیلئے ہے‘ فریقین اختلافات ختم کریں : چین
اسلام آباد (آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ) چین نے پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے پر فریقین کو اختلافات دوستانہ طریقے سے ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ سفارتخانے کے ترجمان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے اقتصادی راہداری کے منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنانا اہمیت کا حامل ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبے پر پاکستان اور چین کے مابین مثالی تعاون موجود ہے اور اسے دونوں ملکوںکے عوام کی بھر پور حمایت حاصل ہے۔ یہ منصوبہ پاکستانی عوام کیلئے ترقی اور فوائد کا ضامن ہوگا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ تمام متعلقہ فریق بہتر رابطوں اور تعاون کے ذریعے موجودہ اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کرنے میں کامیاب ہونگے تاکہ اس کیلئے بہتر ماحول بنایا جاسکے۔ بیان میں کہا گیا ہے چین پاکستان کے ساتھ راہداری منصوبہ پر فعال طریقے سے کام کرنے اور تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے اور اسکے ٹھوس فوائد دونوں ممالک کے عوام تک پہنچانے کیلئے کوشاں ہے۔ صباح نیوز کے مطابق ترجمان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے اور پورے پاکستان کیلئے ہے۔ امید ہے کہ اقتصادی راہداری پر تمام فریق اختلافات مناسب طریقے سے حل کر لیں گے، متعلقہ فریقین کے مربوط رابطوں سے سود مند حالات پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ دونوں ملکوں کے درمیان اتفاق رائے سے طے ہوا ہے اور اس منصوبے کو دونوں ملکوں کے عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ یہ منصوبہ مکمل طور پر پاکستان میں ہوگا اور اس سے پاکستانی عوام ترقی حاصل کریں گے ہمیں امید ہے کہ متعلقہ فریقین اس حوالے سے اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کر کے اچھا ماحول پیدا کرنے میںکامیاب ہو جائیں گے ۔بی بی سی کے مطابق چین نے پاکستان سے کہا کہ اقتصادی راہداری کے منصوبے پر تمام حلقوں کے درمیان اختلافات کو بات چیت کے ذریعے ختم کر کے سازگار ماحول پیدا کیا جائے، پاکستان میں سیاسی جماعتیں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے کے روٹ پر حکومت سے متفق نہیں ہیں اور اس بارے میں سیاسی جماعتوں نے آپس میں کئی بار مشاورت بھی کی ہے۔ حال ہی میں صوبے خیبر پی کے کی حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں نے چین پاکستان راہداری منصوبے میں صوبے کے تحفظات کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو آئندہ چند دنوں میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کر کے انہیں صوبے کے خدشات سے آگاہ کرے گی۔
چینی سفارتخانہ