قومی ہاکی چیمپئن شپ کا سیمی فائنل میدان جنگ بن گیا
لاہور+کراچی(نما ئندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر )قومی ہاکی چیمپئن شپ میں پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز اور نیشنل بنک کے درمیان سیمی فائنل میچ ختم ہونے کے بعد جھگڑے میں تبدیل ہوگیا۔ سیمی فائنل مقابلے کے بعد ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے پر ہاکیاں لے کرپل پڑے۔پی آئی اے نے الزام لگایاکہ نیشنل بینک کی ٹیم نے جھگڑاشروع کیا۔ کھلاڑی اخترعلی نے میچ کے اختتام پر حریف کھلاڑی سے تکرار ہوئی جو لڑائی تک جا پہنچی ۔ دوسرے کھلاڑی بھی اس میں کود پڑے۔زخمی کھلاڑی کو ہسپتال داخل کرادیا گیا ہے ۔اس شرمناک جھگڑے کے ووقت صدرپاکستان ہاکی فیڈریشن خالدکھوکھربھی موجودتھے۔پی ایچ ایف سیکرٹری شہبازسینئرکا کہنا ہے کہ ذمہ داروں کیخلاف ایکشن ہوگا۔ پوری ٹیم کاجھگڑانہیں ہوا،ایک کھلاڑی نے لڑائی کی۔اس واقعے میں ایک کھلاڑی زخمی بھی ہوا۔ پہلے سیمی فائنل میں پی آئی اے نے نیشنل بنک کو ایک صفر سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔دوسرے سیمی فائنل میں سہیل عباس کے گول کی بدولت واپڈا نے آرمی کی ٹیم کو ایک صفر سے شکست دے کر فائنل میںجگہ پکی کرلی۔نیشنل بنک کی شکست کے بعد شکست خوردہ ٹیم کے ایک کھلاڑی اختر علی نے فیلڈ سے باہر آتے ہوئے حریف ٹیم پی آئی اے کے یاسر علی پر ہاکی سے وار کیا جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ ان کی آنکھ کے قریب چوٹ لگی۔ بعد ازاں ان کو طبی امداد دی گئی۔ ذرائع کے مطابق ان کے زخم پر تین ٹانکے آئے۔ دوسری جانب ٹورنامنٹ ڈائریکٹر قمر ابراہیم نے جیوری کے ممبر شفیق بھٹو کی رپورٹ پر نیشنل بنک کے اختر علی کو تین ماہ کے لئے معطل کردیا جبکہ دوران میچ نظم وضبط کی خلاف ورزی پر پی آئی اے کی ٹیم کو وارننگ جاری کی گئی۔ واضح رہے کہ دفاعی چیمپئن نیشنل بنک اور پی آئی اے کے درمیان کھیلے گئے اس میچ میں ہاکی گیند کے بجائے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو نشانہ بنایا۔پورے میچ میں پی آئی اے کے تین کھلاڑیوں کو گرین کارڈ اور تین کو یلو کارڈ دکھایاگیا جبکہ نیشنل بنک کے ایک کھلاڑی گرین کارڈ کا شکار ہوئے۔