پاکستان ٹیلیویژن کی رونقیں دوبارہ بحال کرینگے : عطاء الحق قاسمی
لاہور(کلچرل رپورٹر)پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے چئیر مین عطا الحق قاسمی نے کہا ہے کہ ہم اس ادارے کی رونقیں دوبارہ بحال کر دیں گے اور ایک مرتبہ پھرپی ٹی وی کو عوام کا مقبول ترین چینل بنا دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی وی کے چئیر مین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد لاہور سنٹر میں اپنے پہلے دورے کے موقع پر کیاچئیرمین پی ٹی وی کی لاہور سنٹر آمد کے موقع پر جنرل مینجر بشارت خان ، پروگرام مینجرچوہدری افتخار وِرک اور سی بی اے یونین کے مرکزی صدر جہانگیر خان سمیت بڑی تعداد میںملازمین نے ان کا استقبال کیا ۔استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ میرے لئے مادرِ علمی کی حیثیت رکھتا ہے چئیر مین پی ٹی وی نے کہا کہ لاہور سنٹرمیں اپنی جوانی کے ساتھ ساتھ پی ٹی وی کی جوانی کا دور بھی دیکھا ہے اور انہوں نے پی ٹی وی کو اسی عروج پر لے جانے کے لئے اس ذمہ داری کو قبول کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک غریب ملک ہے ہمیں گلیمر کی بجائے اپنے کلچر اور عوام کے معیارِ زندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈرامے بنانے چاہیے۔کسی ڈرامے میں رائٹر ، ڈائریکٹر اور ایکٹرکے درمیان جتنی زیادہ ہم آہنگی ہو گی ڈرامہ بھی اتنا ہی اچھا بنے گا ۔انہوں نے خبرنامے میں چار سے پانچ منٹ ادب و ثقافت کے لئے مختص کرنے پر بھی زور دیا اور سلیم کوثر جیسے ادیبوں اور شاعروں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے بھی ہدایت دی۔ پروگرام رات گئے پھر سے شروع کرنے کی ہدایت کی اور مارننگ شو میں بھی بہتری لانے پر زور دیا۔ بچے قوم کی ذہنی نشوونما کے لئے بھی اچھے پروگرام شروع کیے جائیں انہوں نے اچھے ڈراموں کے ساتھ ساتھ ماہانہ بنیادوں پر محافل مشاعرہ پر پھی زور دیا۔