پیٹنگولر کپ سے بہترین کرکٹرز مل سکتے ہیں: خواجہ ندیم
لاہور (نمائندہ سپورٹس) فرسٹ کلاس کرکٹ کے ٹاپ پر فارمرز کے لئے پیٹنگولر کپ کے انعقاد سے بہتر نتائج مل سکتے ہیں۔پی سی بی کو چاہیے کہ وہ پینٹیگولر کپ کے میچز کا سلسلہ دوبارہ شروع کرے۔ ان خیالات کا اظہار لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم احمد نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کرکٹرز مسلسل مصروف رکھنے کیلئے ایسے مقابلے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ماضی میں اسکے اچھے نتائج بھی سامنے آئے تھے۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں محکموں اور علاقائی ٹیموں کے لئے الگ الگ مقابلوں میں کوئی حرج نہیں ہے۔ رواں سیزن میں بھی اچھی اور سخت کرکٹ دیکھنے کو ملی ہے۔ مجموعی طور پر لاہور کی ٹیموں کی کارکردگی تسلی بخش ہے تاہم بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ فٹنس کا معیار بلند کرنے کے لئے خاص اقدامات کریں گے۔