راہداری منصوبہ کے روٹ پر اعتراض کرنیوالے خدا کا خوف کریں اور ملک کو ترقی کرنے دیں:صدر ممنون
کراچی (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے تہیہ کر رکھا ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس سال کے آخر تک قبائلی علاقوں میں بھی مکمل طور پر امن و امان بحال ہوجائیگا۔ اقتصادی راہداری ایسا منصوبہ ہے جس سے پاکستان خطے میں اہم ملک بن جائیگا۔ پاک چائنا میڈکانگ کے عشایئے سے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیداوار کے کئی منصوبوں پر کام شروع ہوچکا ہے اور 2018ء تک ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائیگا۔ اقتصادی راہداری کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ اس سلسلے میں اعتراض کرنے والے خدا کا خوف کریں اور ملک کی ترقی میں رکاوٹ نہ بنیں۔انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ گیم چینجر منصوبہ ہے جس کے قومی معیشت پر غیرمعمولی اثرات ہوں گے اور وہا ں جہاز سازی کی بہت بڑی صنعت بھی قائم ہوگی۔صدرمملکت نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے کے بعد طب کے شعبے میں پاکستان اور چین کے تعاون سے دونوں ممالک کے درمیان بے مثال تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ،بدامنی اور جنگوں سے دنیا میں جسمانی اور نفسیاتی امراض سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ دوسری طرف پاکستان جیسے ترقی پزیر ممالک کی معیشت بھی مسائل سے دوچار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین آئرن برادر ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان طبی راہداری کے قیام سے پاکستانی عوام اور مریضوں کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا بدعنوانی، رشوت اور میرٹ کی خلاف ورزی نے ہمیں تباہ کردیا، یہ سلسلہ ختم کرنا ہوگا۔