ٹاپ کرکٹرز کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے : عامر نذیر
لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے ڈومیسٹک ٹونٹی ٹونٹی اور غیر ملکی پرائیویٹ لیگز کا معیار مقرر کر رکھا ہے۔ ملکی سطح کی چار روزہ کرکٹ کے ٹاپ پرفارمرز کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ان خیالات کا ٹیسٹ فاسٹ باو¿لر عامر نذیر نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چار روزہ کرکٹ اصل معیار ہے اور اس فارمیٹ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرنے والوں کو ترجیح دی جانا ضروری ہے تاہم ہماری سلیکشن کمیٹی اس سلسلے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی۔ فاسٹ باو¿لر اعزاز چیمہ نے قائداعظم ٹرافی کے چند میچوں میں ملک کی بہترین ٹیموں کے خلاف چالیس سے زائد وکٹیں حاصل کی ہیں اعزاز نے بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن اسے شاید اچھے کھیل کی سزا دیکر سلیکشن کے عمل سے دور رکھا جا رہا ہے۔ ایک طرف سلیکشن کمیٹی کہتی ہے کہ ہمیں دائیں ہاتھ کے تیز گیند بازوں کی کمی کا سامنا ہے دوسری طرف اعزاز چیمہ کو مکمل فارم اور ٹاپ کلاس فٹنس کے باوجود نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ عامر نذیر نے کہا کہ قائداعظم ٹرافی میں نئے فارمیٹ کے ساتھ کامیابی کا سہرا کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین شکیل شیخ اور انکی ٹیم کو جاتا ہے۔ ڈومیسٹک سیزن میں اچھے انتظامات اور کوالٹی کرکٹ کا فرسٹ کلاس کرکٹ کو فائدہ ہوگا تاہم پچز، امپائرنگ اور گیندوں کا معیار اور بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔